سپریم کورٹ کے 6 نئے مستقل ،1 قائم مقام جج نے حلف اٹھا لیا : 4ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کا بھی حلف
اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ،کراچی (نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ میں چھ نئے مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے حلف اٹھالیا، تمام 7ججز سے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حلف لیا۔سپریم کورٹ کے نئے حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس عامرفاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور، جسٹس ہاشم کاکڑ نے حلف اٹھایا۔جسٹس گل حسن اورنگزیب نے بطور قائم مقام جج کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل،سپریم کورٹ بار، پاکستان بارکے عہدیداران، سینئر وکلاء نے بھی شرکت کی، سپریم کورٹ میں پہلی بار حلف برداری تقریب عدالتی احاطے کے لان میں ہوئی۔کھلے مقام پر حلف برداری کا فیصلہ مہمانوں کی تعدادکو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا،تقریب میں ملی نغمے بھی گونجتے رہے ۔جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ، جسٹس اطہر من اﷲ بھی تقریب میں موجود تھے ۔ادھرسپریم کورٹ میں حلف اٹھانے والے نئے ججزنے پہلے ہی دن مقدمات کی سماعت بھی شر وع کردی،سپریم کورٹ میں نئے آنے والے سات ججز کا بنچ تشکیل دے دیا گیا، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بینچ نے مختلف مقدمات کی سماعت کی۔نئے ججز نے 10 کیسز کی سماعت کی، لارجر بنچ نے ضمانت منسوخی کی چار درخواستیں مسترد کیں۔ججز میں جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہوار، جسٹس ہاشم کاکڑ اور قائم مقام جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے ۔جسٹس اعجاز سواتی نے بطورقائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے بطورقائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس جنید غفارنے بطورقائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بطور قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا۔صدر مملکت آصف زرداری نے ایوان صدرمیں تقریب میں جسٹس سرفراز ڈوگر سے بطورقائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ حلف لیا۔گورنر ہائوس کراچی میں قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سادہ و پروقار تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جسٹس محمد جنید غفار سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف لیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے بطور قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ انکے عہدہ کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور بھی شریک ہوئے ۔ گورنر ہائوس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے قائم مقام چیف جسٹس محمد اعجاز سواتی سے حلف لیا۔