سکیورٹی فورسز کا ژوب میں آپریشن: 15 خارجی جہنم واصل، ایک سپاہی شہید
راولپنڈی،ژوب،اسلام آباد،کوئٹہ(سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں) بلوچستان کے علاقہ ژوب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 15 خارجیوں کو ہلاک کردیا جبکہ آپریشن کے دوران ایک سپاہی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 دسمبر کوسکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے عام علاقہ سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران خوارج کے مقام پر موثر طریقہ سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران فائرنگ کے نتیجہ میں 15 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونیوالے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلہ کے دوران سپاہی عارف الرحمٰن (عمر 32 سال،ساکن ضلع مانسہرہ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ میں موجود کسی بھی اور خارجی کو بے اثر کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم محمد شہباز شریف،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اوروزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع ژوب میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کامیاب کارروائی کے دوران 15 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی عارف الرحمٰن کو خراج عقیدت پیش کیا ، شہید کیلئے بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کیساتھ ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی 15 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورجامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہو ں نے کہاکہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔ سکیورٹی فورسز کے افسر و اہلکار مادر وطن کی حفاظت میں شب و روز مصروف عمل ہیں۔مجھ سمیت پوری قوم کو سکیورٹی فورسز کے فرض شناس افسروں و اہلکاروں پر فخر ہے ۔ مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 15 خارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی صلاحیتوں پر ناز ہے ۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز انتہائی پروفیشنل اور باصلاحیت ہیں۔ قوم سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ژوب کے علاقہ سمبازہ میں فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خارجیوں کیخلاف سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی اور پندرہ کو جہنم واصل کیا ، کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوان عارف الرحمٰن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بحالی امن کیلئے فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ صوبے میں مکمل بحالی امن تک خارجیوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔