2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

عمران خان،بشریٰ بی بی ، گنڈاپورودیگر کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج

26-11-2024

اسلام آباد،فیصل آباد،سرگودھا ،راولپنڈی، لاہور( نیوزایجنسیاں،نامہ نگار خصوصی) تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو پرتشدد مظاہرے کرنے پربانی پی ٹی آئی ، انکی اہلیہ بشریٰ بی بی ،وزیرعلٰی علی امین گنڈاپور،عارف علوی،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، علیمہ خان، اعظم سواتی، تیمور مسعود، شہریار ریاض سمیت 300 سے زائد رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ۔ پہلا مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت درج کیا گیا، مقدمہ نمبر 2594 میں کار سرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ادھرفیصل آباد کے تھانہ غلام محمد آباد میں بانی پی ٹی آئی سمیت 45 افراد پر انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی پی ٹی آئی سمیت 120 ملزمان پر فرد جرم ایک بار پھر موخر ہوگئی۔ جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سرگودھا نے عمر ایوب،احمد خان بھچر، احمد چھٹہ،بلال اعجاز،عالیہ حمزہ،صنم جاویدودیگر کارکنان کے خلاف 9 مئی کے واقعات پرمیانوالی میں درج مقدمات کی مزید سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی ۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملوں، سرکاری گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچانے ، پولیس اہلکاروں سے سرکاری و ذاتی اشیا چھیننے اور انہیں یرغمال بنانے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما کرنل اجمل صابر سمیت 19 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس اور 27 ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ صادق آباد پولیس کی تحویل میں دے دیا جبکہ نامزد 5 ملزمان کومقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے شیر پاؤ پل پر تقاریر و جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فرد جرم کیخلاف درخواست پر پراسیکیوشن سے جواب طلب کر لیا۔ شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں نے فرد جرم کو چیلنج کیا ہے ، عدالت نے اسی مقدمے میں آئندہ سماعت پر سرکاری گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا، مزید کارروائی 28 نومبر تک ملتوی کر دی،عمر سرفراز چیمہ کو ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ پیش نہیں کیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما اکمل خان باری کو پانچ اکتوبر کو احتجاج کے دوسرے مقدمے سے بھی ڈسچارج کر دیا ۔