فیصل آباد:با اثر افراد کا لڑکی پر سر بازار تشدد، بال کاٹ دیئے
فیصل آباد (صباح نیوز)فیصل آباد میں با اثر افراد نے 16 سالہ لڑکی پر سر بازار تشدد کرتے ہوئے اسکے بال کاٹ دئیے ۔سی پی او فیصل آباد کے نوٹس لینے پر 7 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ ماموں کانجن کے علاقہ چک 558 گ ب تحصیل تاندلیانوالہ میں با اثر افراد نے 16 سالہ لڑکی پر سر بازار تشدد کیا اور مضروبہ کے بال کاٹ دئیے ۔سی پی او فیصل آباد کامران عادل کے نوٹس لینے پر 7 افراد خالد ولد سلطان، انور بی بی زوجہ یونس، ذکیہ بی بی زوجہ علی شیر، نصرت بی بی زوجہ عمر حیات، مظہر ولد رحمت علی، سلطان ولد ذوالفقار اور ایک نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس نے کارروائی کرکے 2 مرکزی ملزمان خالد اور سلطان کو گرفتار کرلیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جن کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔مقدمہ لڑکی کے والد ریاض ولد غلام فرید کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی نے پولیس کو بتایا کہ میری بیٹی گھر پہ اکیلی تھی کہ نامزد ملزمان زبردستی گھر میں گھس کر تشدد کرتے ہوئے سر بازار لے آئے ، بال کاٹے اور منہ کالا کرکے رسوا کیا۔ مدعی نے بتایا کہ چند روز قبل بچوں کی لڑائی پر سائل نے 15 پر کال کر کے پولیس بلائی تھی جس کا ملزمان کو رنج تھا۔ترجمان نے بتایا کہ اس حوالے سے سی پی او نے کہا کہ فیصل آباد واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔