2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

مستونگ: بلوچستان کانسٹیبلری کی بس پر بم حملہ، 3 اہلکار شہید، 19 زخمی

16-04-2025

مستونگ،کوئٹہ ،اسلام آباد، کراچی (نیوز ایجنسیاں)مستونگ کے نواحی علاقہ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی بس پر بم حملہ کے نتیجہ میں 3اہلکار شہید اور 19زخمی ہوگئے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ منگل کو مستونگ کے نواحی علاقہ شمس آباد جنگل کے مقام پر نامعلوم دہشتگردوں نے موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے بلوچستان کانسٹیبلری کی بس کونشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 3اہلکارمحمد امین ، وسیم ، عبدالحمید شہید جبکہ 19اہلکارمیر احمد ، نصیب اﷲ ،ثناء اﷲ ،عرفان محمد، قدیر احمد ، اﷲ داد ، ممتاز اسلم ،دل وش ،نیازاحمد ، ممتاز احمد ،عبدالغیاز ، نثاراحمد ، محمد سلیم ، عادل شدید زخمی ہوگئے ۔ دھماکے کے بعد پولیس اور فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ نعشوں اورزخمیوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ڈی ایس پی یونس مگسی نے بتایا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار کنڈمیسوری چیک پوسٹ پر ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ نامعلوم دہشتگردوں نے بم دھماکے سے نشانہ بنایا،بس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 35اہلکار سوار تھے ۔ دھماکے کے بعد پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردیں اور دھماکے سے تباہ ہونے والی پولیس بس کو پولیس لائن منتقل کردیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بھی 3 اہلکاروں کے شہید اور16کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے 2زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بی سی اہلکار بلوچستان نیشنل پارٹی دھرنے کی سکیورٹی پر تعینات تھے ۔ دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی پر ہدایت پر بولان میڈیکل ہسپتال اور سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ کو زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد کی خود نگرانی کی ہدایت کی ہے ۔علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان،اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمر ایوب،چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور دیگر نے مستونگ میں بلوچستان کانسٹبلری کی بس پر بم حملہ کی شدیدمذمت کی اور 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جاری بیانات میں انہوں نے ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بلوچستان کانسٹبلری کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے ، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہیگی۔