2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

نوشکی: فورسز قافلہ پر خودکش حملہ، 3 اہلکاروں سمیت5 شہید، جوابی کارروائی میں3 دہشتگرد ہلاک

17-03-2025

نوشکی،راولپنڈی،اسلام آباد،کوئٹہ (92نیوز رپورٹ)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے میں تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں3 دہشتگرد جہنم واصل کر دیئے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 16 مارچ کو ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکار اور دو معصوم شہری شہید ہوئے ۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نوشکی خودکش حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں ضلع نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ حوالدار منظور علی، ضلع نصیر آباد سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار علی بلاول، ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے 34 نائیک عبد الرحیم، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سویلین ڈرائیور جلال الدین اور ضلع خاران سے تعلق رکھنے والے سویلین ڈرائیور محمد نعیم شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ جوابی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا تعاقب کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ علاقہ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج قوم کیساتھ ملکر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہونیوالی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف ،اوروزیراطلاعات عطا اﷲ تارڑ نے نوشکی میں حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی بلند درجات کی دعا اور انکے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی دالبندین روڈ پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے ۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک دشمن وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے ، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں، بے گناہ افراد کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ عمل ہے ۔ دشمن عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، دہشتگردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے ۔