2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

وزیراعظم کی انتھک کوششیں: شام میں پھنسے 318پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے

13-12-2024

اسلام آباد (92 نیوز رپورٹ )وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک کوششیں رنگ لے آئیں، شام میں پھنسے ہوئے 318پاکستانی شہری بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روزشام میں پھنسے پاکستانیوں کی بیروت سے وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔شام سے لبنان پہنچنے والے 318پاکستانی بیروت سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ ہوئے ۔بیروت ایئرپورٹ پر پاکستان کے سفیر نے پاکستانی شہریوں کو رخصت کیا۔چارٹرڈ طیارہ رات گئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا۔وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ذاتی نگرانی میں شہریوں کے پاکستان پہنچنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،چیئرمین این ڈی ایم اے ، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام اور دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ وطن پہنچنے والے پاکستانی شہریوں نے شام سے انخلا ممکن بنانے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر پاکستانیوں کے شام سے انخلا کی منصوبہ بندی کی، وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے رابطہ کر کے تعاون کی درخواست کی،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی ترک وزیر خارجہ سے رابطہ کیا، شام کی تازہ صورتحال کے باعث پاکستانی وہاں پھنس گئے تھے ،کوئی بھی پاکستانی دنیا میں کہیں بھی خود کو تنہا نہ سمجھے ، وفاقی وزیراحسن اقبال نے پاکستانیوں کے انخلا میں مدد پر لبنانی وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا خوشی ہے کہ آپ بحفاظت وطن واپس آئے ۔ہم ایک قوم ہیں اور قوم کی خوشی اور دکھ سانجھا ہوتاہے ۔ این ڈی ایم اے نے پاکستانیوں کیلئے خصوصی بسوں کابھی انتظام کیا۔دریں اثناوزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور وزارتِ خارجہ کا شام سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے لئے مشترکہ فلائیٹ آپریشن کیا۔شام سے انخلاء کے بعد 318 پاکستانی شہریوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے بیروت، لبنان سے اسلام آباد، پاکستان پہنچا دیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے فوری کاروائی پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے ان پاکستانیوں کی واپسی کے لئے گئے تمام اقدامات کی خود ذاتی طور پر نگرانی کی۔وزیراعظم شہباز نے وزیراعظم نے لبنان کے وزیر اعظم جناب نجیب میقاتی سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر، ایک جامع منصوبہ تیار کیا اور شام میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی شام سے باحفاظت وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو شام سے مزید پاکستانی شہریوں کو نکالنے کے لیے فوری اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کی حفاظت اور بہبود کے لیے پرعزم ہے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتی رہے گی۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)دفترخارجہ نے کہا ہے کہ شام سے 300 سے زائد پاکستانی بحفاظت ملک واپس پہنچ گئے ہیں۔ شام سے وطن واپس آنیوالوں میں زیارت کیلئے جانیوالے افراد بھی شامل ہیں۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستانیوں کو فوری طور پر ویزا دینے پر لبنان حکومت کے مشکور ہیں، ہمارا سفارت خانہ شام میں تمام پاکستانیوں کی معاونت کررہا ہے ۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے کہ دہشتگردی کی ہر کارروائی کی مذمت کرنی چاہئے ، عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا نوٹس لے ، شام کی سلامتی اور خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں،اسرائیل کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں پرقبضہ قابل مذمت ہے ،پاکستان یقین رکھتا ہے کہ بیرونی مداخلت سے شام کے مسائل حل نہیں ہونگے ،شام کے شہریوں کا حق ہے کہ وہ اپنا مستقبل خود طے کریں، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔خلیل الرحمٰن حقانی کی وفات پروزیرخارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ٹویٹ سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خلیل الرحمٰن حقانی کی وفات پر وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ساتویں اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ دونوں ممالک نے تجارت ،سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ پاکستان اور فرانس کے درمیان یو این سکیورٹی معاملات پر اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ پاکستان اور فرانس نے باہمی طور پر چیلنجز کا سامنا کرنے پراتفاق کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان قاہرہ میں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرے گا، اس سے قبل پاکستان ڈی ایٹ وزارتی اجلاس میں شرکت کرے گا۔