پنسلوانیا کے پہلے بجلی کے شہر سکرینٹن کے تاریخی مقامات
مریم ارشد
سکرینٹن شہر سے ہماری پسندیدگی محبت میں بدلتی جا رہی تھی۔ ایک تو شاداب اور ترو تازہ سبزے سے ڈھکی ہوئی گلیاں جو پْر پیچ تو ہر گز نہ تھیں بلکہ اونچی نیچی گھاٹیوں پر مشتمل بَل کھاتی ہوئی سڑکیں نما گلیاں نہایت خوبصورت لگتی ہیں۔ لبِ سڑک ہر گھر کے آگے چھوٹے چھوٹے داخلی آنگن جو عمومًا خوبصورت پتھروں سے بنے ہوتے ہیں اور صاحبِ خانہ کے مزاج کے مطابق سجے ہوتے ہیں۔ ان کی آرائش و زیبائش دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے۔ اپنے وطن کے چھوٹے شہروں کی ٹاؤن پلاننگ میں اس چیز کی کمی کو سوچ کر دل اْداس ہو جاتا کہ کاش ہمارے ہاں بھی یہ کچھ بستیاں بسانے سے پہلے کیا جاتا تو تہذیب تو ہمارے ہاں بھی بکھری پڑی ہے۔ سب کتنا پیارا لگتا ہے مگر وائے افسوس کہ ہم نے قبولیت سے انکار کیا۔ خیر! وطن تو دامن پکڑے ساتھ ہی ساتھ چلتا رہتا ہے۔ ایک روز ہم نے پروگرام بنایا کہ Scranton کی تاریخی جگہیں اور میوزیم وغیرہ کی سیر کی جائے۔ ہماری بلڈنگ میں ایک بزرگ رِچرڈر رہتے تھے جن کے دادا 1800 میں امریکن ملٹری میں رہ چکے تھے۔ وہ ہمیں پنسلوانیا میں واقع سٹیم ٹاؤن نیشنل ہسٹورک سائٹ دکھانے لے گئے۔ یہ ایک عجیب و غریب عجائب گھر تھا جو امریکہ میں پہلی مرتبہ بھاپ سے چلنے والی ریل گاڑیوں کی تاریخ کے لیے وقف ہے۔ میرے پاپا چونکہ ریلوے میں سرکار کے نوکر تھے، بچپن سارا ریلوے کالونی کے پْرانے بنے گھروں میں گزرا۔ ریل کی چْھک چْھک سیٹیوں اور پلیٹ فارم کے اوپر اڑتے ہوئے دھوئیں کی دْھند میں لپٹی یادوں کی وجہ سے خاص دلچسپی سے اس میوزیم کو دیکھا۔ یہ تاریخی عجائب گھر 1986 میں Delaware Lackawanna and Western Railway کے یارڈ پر قائم کیا گیا تھا تاکہ بھاپ سے چلنے والے انجنوں اور صنعتی امریکہ پر ان کے اثرات اور انجن چلانے والوں کی کہانیوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔ بہت بڑے رقبے پر یعنی 62 ایکڑ پر پھیلے اس عجائب گھر میں بھاپ سے چلنے والے انجن، مال بردار اور مسافر گاڑیوں اور ریلوے کی یادگار چیزوں کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ اسے چلانے والوں کی کہانیاں بھی محفوظ ہیں۔ قدیم پتھروں سے بنی ہوئی یہ عمارت ڈاؤن ٹاؤن میں ہے۔ اس کا ایک اہم مرکز turntable اور roundhouse ہے جو اصل پْرانی تاریخ کی ہْو بہو نقل ہے۔ راؤنڈ ہاؤس 1932 کی باقیات سے بنایا گیا جہاں سیاح دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح انجنوں کی دیکھ بھال کی جاتی تھی۔ مسٹر رچڑڈز نے بتایا کہ museum steamtown میں انٹر ایکٹو نمائش اور رہنمائی کی ورکشاپس اور براہِ راست مظاہرے بھی دکھائے جاتے ہیں جسے دیکھنے مقامی لوگ اور سیاح ذوق و شوق سے جاتے ہیں۔ ہمیں خیال آیا کہ ہمارے لاہور میں تو اصل انجنوں کا لوہا بھی پگھلا کر اونے پونے بیچ کر پیسے کھیسوں میں ڈال لیے جاتے ہیں اور وہاں باقیات سے میوزیم بنتے ہیں۔ واہ کیا کہنے! مسٹر رچڑڈز نے ہمیں وہاں ایک اور سرپرائز دیا کہ انہوں نے ہمارے لیے 30 منٹ کا سٹیم ٹاؤن کے یارڈ میں چھوٹی شٹل ٹرین پر سیر کروانے کا ٹکٹ لے رکھا تھا جو اندر ہی سیر کرواتی ہوئی نیشل پارک بھی چکر لگوا کرآتی ہے۔ اس میں بیٹھ کر انجن کی آئل کی خوشبو نتھنوں میں گھْستی ہے۔ ریل کی پرانی سیٹی بجتی ہے اور انجن کی دھونکنی کی چَپ چَپ کی آواز آپ کو کسی قدیم دنیا میں لے جاتی ہے۔آج کی جدید دنیا میں رہ کر آپ جانتے ہیں کہ پرانے دور میں بنانے والوں نے اسے کیسے بنایا اور سفر اختیار کیے۔ بے شک وہ لوگ اسے ریلوے ورثے کی جیتی جاگتی تصویر اور زندہ مثال بنا کر رکھے ہوئے ہیں۔ وہاں سیر کر کے ہمیں محسوس ہوا کہ سکرینٹن کا سٹیم ٹاؤن نیشنل ہسٹورک عجائب گھر صرف ایک عجائب گھر نہیں بلکہ ان کے ماضی کی وہ کھڑکی ہے جو سیاحوں کو بھاپ کے انجن کے عہد کا ایک دل چسپ، تعلیمی اور قدیمی سفر فراہم کرتی ہے۔ چاہے کوئی تاریخ کا شوقین ہو یا میری طرح سے ریلوے کا مداح، یا کوئی ایسا شخص جو ایک معلوماتی تجربے کی تلاش میں چلا جا رہا ہو۔ سٹیم ٹاؤن وہاں جانے والے سیاحوں کو اس گزرے سنہری دَور کی جھلک دکھاتا ہے جب بھاپ سے چلنے والی گاڑیاں امریکی ترقی کی شاندار علامت تھیں۔ Scranton کا ڈاؤن ٹاؤن جسے بجلی کے شہر کا دل کہا جاتا ہے وہ متحرک مرکز ہے جو تاریخی دل کشی کو جدید سہولتوں کے ساتھ ملا کر اپنی پوری آب و تاب سے چمکتا ہے۔ یہ مصروف ترین مقام شہر کے صنعتی ماضی، ثقافتی تنوع، آرٹ، کاروبار اور کمیونٹی کے مرکز اور مختلف مارکیٹوں کو لیے ہوئے ترقی پذیر شناخت کا غماز ہے۔ یہاں کی تاریخی عمارات، شوخ اور جاندار تہوار، جدید ریستوران اور ماڈرن آرٹ کی اْبھرتی ہوئی گیلریاں اسے ایک ایسا مقام بناتی ہیں جہاں کے مقامی لوگ اور میرے جیسے سیاح آکر لْطف اندوز ہوتے ہیں۔ ہماری بلڈنگ کے عین سامنے پارک میں ایک طرف Lackawanna County Courthouse کی تاریخی اور شاندار عمارت ہے جو 1884 میں تعمیر کی گئی اس کا طرز تعمیر Architecture Revival Romanesque کی عکاسی کرتا ہے جس میں خوبصورت پتھریلی نقش و نگار، محربی کھڑکیاں اور شاندار کلاک ٹاور شامل ہے۔ اس کے سامنے بنے ہوئے بنچوں پر چیری بلاسم کے درختوں کے نیچے بیٹھی میں ہر گھنٹے بعد اس کلاک کی آواز سے مخطوظ ہوا کرتی تھی یہ عمارت عدالتی معاملات کا مرکز ہے، اس کے اندر رنگین شیشوں کی کھڑکیاں، دیواروں پر نقش و نگار اس کاونٹی کی ثقافتی اور قانونی وراثت کا ثبوت ہیں۔ اس عدالت کے پاس کورٹ سکوائر میں یادگاریں، مجسمے اور سبزہ زار موجود ہے۔ یہاں بھی بہت سی سماجی اور موسمی تقریبات منعقد ہوئیں یہ کورٹ ہاؤس خاموشی سے پر سکون کھڑی فعال عدالتی مرکز ہے جہاں لوگوں کو انصاف کے ساتھ تاریخ اور شاندار طرزِ تعمیر بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس شہر میں تاریخ کی گونج ہر گلی میں سنائی دیتی ہے۔ پہاڑوں کے دامن میں بسا یہ چھوٹا سا شہر ریلوے کی قدیم داستانوں، اونچی نیچی گلیوں تاریخی مکانوں سے بنا حسین ترین مقام ہے۔