ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ،مفاہمتی یاد داشت پر دستخط
فیصل آباد (92 نیوز رپورٹ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوڈ سکیورٹی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کیا۔ ایڈیشنل ڈائر یکٹر جنرل آپریشننز پنجاب فوڈ اتھارٹی آصف علی ڈوگر، ایڈیشنل ڈائر یکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد طارق گل، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر قاسم رضا ، پروفیسر ڈاکٹر فقیر محمد انجم اوریونیورسٹی کی رجسڑار مس زاہدہ مقبول بھی سیمینار میں شریک ہوئیں۔ عاصم جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوڈ سکیورٹی اور فوڈ سیفٹی ملکی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبے میں فوڈ سیفٹی پروگرام پر عمل کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو ملاوٹ سے پاک ، حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق متوازن غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔ہم خصوصی طور پر سکول کے بچوں کیلئے نیوٹریشن پروگرام پر کام کررہے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مقصد خوراک زیادہ اگاؤ اور ضائع ہونے سے بچاؤ ہے ۔بدقسمتی سے ہمارے ملک کے ہر دس میں سے چار بچوں کو غذائی کمی کا سامنا ہے ۔ متوازن غذا کی کمی کی وجہ سے تیس فیصد بچے عمر کے لحاظ سے کم وزنی کا شکار ہیں۔ ہماری 56 فیصد خواتین میں آئرن کی کمی جبکہ 36 فیصد وٹامن اے کی کمی کا شکار ہیں۔ اس ضمن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کیلئے آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں انفرادی و اجتماعی ہرسطح پر فوڈ سکیورٹی و فوڈ سیفٹی کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس ضمن میں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں کو سراہا۔تقریب میں یونیورسٹی کے پرو ریکٹر پروفیسر ڈاکٹرامان اللہ ملک ، یونیورسٹی کے نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر آمنہ جاوید اور ڈاکٹر سعدیہ حسن نے بھی خطاب کیا ۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔ اس ضمن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔یونیورسٹی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی باہمی اشتراک سے بہتر، محفوظ اور صحت مند پنجاب کے خواب کی تعبیر کیلئے کلیدی کر دارادا کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے یونیورسٹی کا نیو ٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور سٹوڈنٹس پہلے ہی سے مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مابین دو طرفہ باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط بھی کئے گئے ۔تقریب میں ممبرمدینہ فاؤنڈیشن میاں محمد رشید بھی موجود تھے ۔ اس معاہدے کا مقصد فوڈ سیفٹی اور فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے دو طرفہ باہمی ریسرچ پراجیکٹس، سٹوڈنٹس کیلئے تربیتی پرگرامز، پبلک ہیلتھ کیلئے آگاہی پروگرامز ، یونیورسٹی کے نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سٹوڈنٹس کیلئے فوڈ بزنس سٹارٹ اپ پروگرامز اور دیگر مشترکہ منصوبے شامل ہیں۔یونیورسٹی کی طالبات نے فوڈ نمائش کا انعقاد بھی کیا جس میں طالبات نے فوڈ سٹالز میں معیاری و متوازن غذا کی تیاری اور قدرتی غذائی اجزاء کو استعمال سے فوڈ سپلیمنٹ کی پروفیشنل طریقہ سے تیاری کی اہمیت وضرورت کو اجا گر کیا اور اپنی تیار کردہ فوڈ پراڈکٹس پیش کیں۔ جنہیں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی، و دیگر نے مفیدو کا ر آمد قرار دیا۔ عاصم جاوید نے طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تیار کردہ فوڈ پراڈکٹس پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام قومی سطح پر منعقد کی جانے والی فوڈ نمائشوں میں پیش کریں ۔ مہمانوں نے یونیورسٹی لان میں یاگاری پودا بھی لگایا۔