کابل میں دھماکہ ، افغان وزیر مہاجرین خلیل الرحمٰن حقانی سمیت کئی افراد جاں بحق :پاکستان کی مذمت
کابل ،اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے کے نتیجہ میں طالبان حکومت کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمٰن حقانی جاں بحق ہوگئے ، وہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے ،پاکستان نے واقعہ پر مذمت کی ہے ۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے گفتگو میں ان کے بھتیجے انس حقانی نے تصدیق کی کہ کابل میں وزارت مہاجرین کے دفتر میں دھماکہ ہوا جس میں خلیل الرحمٰن حقانی شہید ہوگئے ۔ایک سرکاری ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ بدقسمتی سے وزارت مہاجرین میں ایک دھماکہ ہوا اور وزیر خلیل الرحمٰن حقانی اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ جاں بحق ہوگئے ۔ دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد واضح نہیں ہے ، تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 تک ہوسکتی ہے ۔خلیل الرحمٰن حقانی، حقانی نیٹ ورک کی بنیاد رکھنے والے جلال الدین حقانی کے بھائی جبکہ موجودہ افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا تھے ۔افغان حکام نے بتایا کہ حملہ آور اور اسکے پیچھے پوشیدہ محرکات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔خلیل الرحمٰن حقانی 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کی عبوری حکومت میں وزیر بنے تھے ۔ دیگر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے بھی تصدیق کردی ہے کہ دھماکہ وزارت مہاجرین کی عمارت کے اندر ہوا جس میں خلیل الرحمٰن حقانی سمیت متعدد افرادشہید ہوئے ۔طالبان ترجمان کے مطابق خلیل الرحمٰن حقانی کو داعش نے نشانہ بنایا۔ دوسری جانب افغان پریس ایجنسی خاما کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، واقعہ کے وقت خلیل الرحمٰن حقانی مسجد کی جانب جارہے تھے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وہ حقانی نیٹ ورک کے ایک سینئر رہنما تھے جن پر 20 سالہ جنگ کے دوران بڑے حملوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 2021 میں طالبان افواج کے افغانستان میں اقتدار کے بعد سے تشدد میں کمی دیکھنے میں آئی، تاہم دولت اسلامیہ کی علاقائی تنظیم ’اسلامیہ خراسان‘ افغانستان میں سرگرم ہے اور باقاعدگی سے شہریوں، غیر ملکیوں اور طالبان عہدیداروں کو بندوق اور بم حملوں سے نشانہ بناتی رہی ہے ۔ادھرپاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمٰن حقانی کی بم دھماکے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کاظہار کیا ہے ۔ اسحق ڈار نے ایکس پر بیان میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے ہم واقعہ پر افغان حکومت سے رابطے میں ہیں۔ پاکستان ہر قسم کے دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتا ہے ۔ کابل میں دھماکہ ، افغان وزیر مہاجرین خلیل الرحمٰن حقانی سمیت کئی افراد جاں بحق :پاکستان کی مذمت