2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

کانسٹیبل کو گولیاں مارنے والے ون ویلرکی شناخت ہوگئی

22-09-2024

لاہور،فیصل آباد(کر ائم رپو رٹر ، بیورو ، نمائندگان ) اسلام پورہ کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے دوران کانسٹیبل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہو گیا جس کے بعد پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں متحرک ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزمان کی شناخت کر لی جن میں فصیح، بنٹی، فراز اور مانی نامی ملزمان شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ ملزمان کے خلاف واقعہ کا مقدمہ 4 نامعلوم کے خلاف تھانہ ساندہ میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کو ون ویلنگ کے دوران پولیس نے روکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل ارشد سینے پر فائر لگنے سے شہید ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لیں۔ادھر فیصل آباد کے تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ 204 چک میں خالد نامی شخص کے گھر میں گھس کر مسلح افراد فیصل،عبدالکریم اور اسلم وغیرہ نے خاتون سمیت 2 افراد کو اسلحہ کے بٹ مار کر زخمی کیا اور قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔مقتول نے زخمیوں کا میڈیکل لے کر ملزمان کیخلاف تھانہ میں درخواست دی ۔ ملزموں نے قانونی کارروائی کرنے پر طیش میں آکر نماز ادا کر کے گھر واپس آتے ہوئے خالد کو چھریوں کے وار کرکے سر بازار قتل کردیا۔ ادھر فیصل آباد کے علاقے ڈی ٹائپ میں باپ نے 2 بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق بچیوں کی عمریں 6 اور 8 سال تھیں، ملزم کی بیوی ناراضگی کے باعث اپنے والدین کے پاس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رہ رہی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی بچیاں اپنے ساتھ لے جانا چاہتی تھی جبکہ ملزم اپنی بیٹیوں کو ان کی والدہ کے ساتھ نہیں بھیجنا چاہتا تھا۔پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور واردات کی مزید تفتیش بھی جاری ہے ۔علاوہ ازیں فیصل آباد میں ہی جڑانوالہ ستیانہ روڈ پر سڑک کنارے سے 2 لڑکیوں کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق 18 سے 19 سال کی دونوں لڑکیوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے ۔سٹی پولیس افسر نے ایس پی جڑانوالہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے ۔