2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکہ، 26 جاں بحق؛62 سے زائدافراد زخمی

10-11-2024

لاہور ، اسلام آباد، کوئٹہ(سٹاف رپورٹر ، سپیشل رپورٹر ، نیٹ نیو ز،ایجنسیاں) کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 62 سے زائد زخمی ہوگئے ۔حکام کے مطابق دھماکہ ہفتہ کی صبح ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر اس وقت ہوا جب وہاں مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ کا بتانا ہے 56 زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جاں بحق افراد میں 5ریلوے ملازمین اور 4 مسافر بھی شامل ہیں ۔سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ طبی امداد کیلئے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔ کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات کا کہنا ہے ریلوے سٹیشن پر دھماکہ خودکش تھا جس میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی ہے ۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچے ، بم ڈسپوزل سکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ۔ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ کا کہنا ہے دھماکہ خودکش لگتا ہے ، دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سے جانے کیلئے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔ کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے ) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق دھماکہ صبح 8بجکر 20 منٹ پر پلیٹ فارم نمبر1 کے داخلی دروازے پر ہوا،دھماکہ کے وقت پلیٹ فارم نمبر1 پر کوئی ٹرین موجود نہ تھی، جعفر ایکسپریس نے 8.30 بجے پلیٹ فارم نمبر 1 پر پہنچنا تھا، خوش قسمتی سے پلیٹ فارم نمبر2 پر موجود مسافر محفوظ رہے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ریلوے سٹیشن دھماکہ خودکش تھا، خودکش حملہ آور نے 7 سے 8 کلو دھماکہ خیر مواد جسم سے باندھا تھا، حملہ آور نے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑایا۔پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا ٹیسٹ کیلئے فرانزک لیب بھجوائے جائیں گے ، خودکش حملہ آور کی شناخت کیلئے نادرا سے مدد لی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق دھماکے کی نوعیت خود کش لگتی ہے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام علاقہ کو کارڈن آف کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا دہشتگردوں کا پیچھا کریں گے اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اوروزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے ملک دشمن عناصر کیخلاف موثر اقدامات پر اتفاق کیا۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران محسن نقوی نے شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ۔دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے فوری موثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے آخری حد تک جائیں گے ، وفاق بلوچستان حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ، قائمقام صدرنے کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی اظہار افسوس کیا ہے ۔قائمقام صدر نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں، انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا اور جاں بحق افراد کے ایصال ثواب، ورثاء کیلئے صبرجمیل، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا معصوم اور نہتے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی،دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے کیلئے حکومت اور سکیورٹی فورسز مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں۔وزیراعظم نے جاں بحق افرادکیلئے دعائے مغفرت اور ان کے اہلخانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی اور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ گورنر پنجاب نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔انہوں نے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ہے ۔ معصوم لوگوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے دھرتی کا ناسور ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تمام قوم یکسو ہے ۔ وفاقی وزیربرائے بحری امورقیصراحمد شیخ نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یوم اقبال کے موقع پر اس افسوسناک سانحے سے ملک دشمنوں کا ایجنڈا مزید واضح ہوگیا،قانون نافظ کرنے والے اداروں کے حوصلے بلند ہیں، وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت جلد ہی تمام دہشتگرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان کی شکل میں درندے ہیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں،دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کی جنگ کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف قوم کی آواز ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے ۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہادرجنوں افراد کی شہادت اور زخمی ہونے کی خبر سے دل افسردہ ہے ، یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی نااہلی اور ناکامی ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن نے رضاکاروں کوہدایت کی شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کی مدد کریں اورجے یو آئی کے کارکن ہسپتال پہنچ کر خون کے عطیات دیں۔انہوں نے کہا میں اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ۔جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہامعصوم جانوں سے کھیلنے والے انسانیت اور امن کے دشمن ہیں،یہ پاکستان دشمن قوتوں کی کاروائی ہے جو پاکستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتے ۔