2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

گوادر:دہشت گردوں نے بس سے 6مسافر اتار کر قتل کردیئے

28-03-2025

گوادر،کوئٹہ،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) بلوچستان میں دہشت گردوں نے مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ اور پسنی کے درمیان کلمت کے مقام پر مسافر بس سے 6افراد کو شناختی کارڈ چیک کر کے اتار اور گولیاں مار کر قتل کر دیا، مقتولین کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مسافر بس ایرانی بارڈر سے کراچی جا رہی تھی اور کئی مسافر ایران سے واپس پاکستان آ رہے تھے ۔ دہشت گردوں نے ہائی وے کی ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی تلاشی لینی شروع کر دی اور مسافر بس سے 6افراد کو شناخت کے بعد اتار کر لے گئے اور گولیاں مار دیں،ڈی ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس نے بتایا کہ پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔پولیس کے مطابق مقتولین میں اعظم طاہر ولد محمدادریس ساکن ملتان ،زہرا ساکن ملتان ،تنویر ولد محمداصغر ساکن منڈی چنا والا ،شہزاد احمد ولد گلزار ساکن لالہ موسیٰ گجرات ،عباس ولد محمدشریف ضلع گجرات اور زاہد ولد اصغر ساکن شیخوپورہ شامل ہیں ۔چار افراد کی لاشیں درمان جاہ اورماڑہ جبکہ دو افراد کی لاشیں پاک عمان ہسپتال پسنی میں منتقل کر دی گئیں جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔پولیس نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں نے ایک گیس باؤزر کو بھی آگ لگادی ۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور حملہ آوروں تلاش شروع کر دی ہے ۔دریں اثنا دہشت گردوں نے بولان ،مستونگ ،کیچ اور گوادر میں اہم قومی شاہراؤں کی ناکہ بندی کر کے متعدد گاڑیوں کو نذر آتش بھی کیا۔ مستونگ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر چوتو کے مقام پر دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے سی ٹی ڈی کے اے ایس آئی کو شہید جبکہ ایک اہلکار کو زخمی کردیا، جبکہ مسلح افراد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 2ڈرائیوروں کواغواکرکے اپنے ہمراہ لے گئے ۔ایس ایس پی کیچ نے بتایا کہ دہشت گردوں نے کیچ میں سکیورٹی سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر گرنیڈ لانچروں سے حملہ کیا جس کے دوران دو گرنیڈ ایک شہری کے گھر پر گرے جس سے میاں بیوی اور ان کے تین بچے زخمی ہو گئے ۔مشکے کے علاقے سے لیویز نے اہلکار سمیت 4افراد کی تشدد زدہ اور گولیوں سے چھلنی لاشیں قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیں۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس کی گاڑی کے قریب ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس سے ڈاکٹر سمیت 3افراد جاں بحق اور 22زخمی ہو گئے ۔دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے سے 2گاڑیوں ، 3 موٹرسائیکلوں اور نزدیکی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں احمد خان ،سر گل ،جمیل ،محمد حسین ،شفیق احمد،عبدالرازق ،حیات اﷲ ،عطا اﷲ ،حبیب اﷲ ،بلال ،کامران ،خلیل احمد،نور احمد ،فراز، یاسین اور دیگر شامل ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے اور تحقیقات شروع کر دی۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسافروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو قتل کرنا بزدلانہ کارروائی ہے ، دہشت گرد ملک کی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں،وہ نہیں چاہتے کہ بلوچستان آگے بڑھے ، انہوں نے مقتولین کیلئے بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔