یوم پاکستان آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ، ملی نغمہ جاری
اسلام آباد( سپیشل رپورٹر،این این آئی) ملک بھر میں آج یوم پاکستان روایتی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔ 23 مارچ کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کی جانب سے نغمہ جاری کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملی نغمے کے بول میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان ہیں، ملی نغمے کو معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے ۔رواں سال یوم پاکستان پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منعقد کی جائے گ ، یوم پاکستان پریڈ ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کی جائے گی۔پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کرینگے ۔ صدر مملکت آصف زرداری یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ، یوم پاکستان پریڈ میں مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے ۔اس دن کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعاں سے ہوگا جبکہ تحریک پاکستان کے رہنماوں اور تقسیم برصغیر کی جدوجہد کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔دہشت گردی کی حالیہ لہر کی وجہ سے یوم پاکستان کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔23 مارچ 1940 کو لاہور میں ایک عظیم الشان جلسے میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی جس کی یاد میں ہرسال قوم یہ دن فخر سے جوش وخروش کے ساتھ مناتی ہے ۔یوم پاکستان قومی تاریخ کا اہم باب ہے ۔اسی قراداد کی روشنی میں مسلمانان برصغیر کی جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ علاوہ ازیں یوم پاکستان کے حوالے سے پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی فلائی پاسٹ کی ریہرسل ہوئی، اسلام آباد کی فضاؤں میں اس ریہرسل میں ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے حصہ لیا، میراج اور دوسرے جنگی طیارے بھی شریک ہوئے ۔