یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد میں دسویں کانووکیشن کاانعقاد
فیصل آباد (92نیوز رپورٹ ) یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آبادکے دسویں کانووکیشن کا پروقارانعقاد کیا گیا ۔ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے دسویں پروقار جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے علی آڈیٹوریم میں ہوا جہاں گورنر پنجاب کی نامزدگی پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے تقریب کی صدارت کی۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک مہمان خصوصی جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورکے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد عباس مہمان اعزاز تھے ۔ان کے علاوہ پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ملک ، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شرزا ندیم اور پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر ارسلان واحد سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہ اور فیکلٹی ممبران اور گرایجوایٹس کے والدین بھی تقریب کا حصہ تھے ۔چیئر مین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے خطاب کرتے ہوئے نئے ڈاکٹرز سے کہا کہ آج آپ اور آپ کے والدین کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے جنہوں نے تعلیم کے اس سفر میں ہمیشہ آپ کی مدد کی ۔ ان کا کہنا تھا یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران ملک کو اعلی ٰمیڈیکل پروفیشنلز فراہم کئے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی ملک و وقوم کی خدمت کے جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والی ڈاکٹرز کو مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کی دعا دی۔ انہوں نے پروفیشنل امتحانات میں اعلیٰ پوزیشنز پر طالبات اور کالج کی فیکلٹی ممبران کو مبارکبا د ی۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک نے نئے ڈاکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں طب کے مقدس پیشے کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی نصیحت کی۔ انکا کہنا تھا وہ والدین خوش قسمت ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو اس قابل بنایا کے وہ انسانیت کی خدمت سے سرشار کو کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا اس ملک نے آپ کو بہت کچھ دیا ہے اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے وطن کو کیا لوٹاتے ہیں۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اکرم ملک نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے انکے بہترین مستقبل کیلئے نیک تمنا ؤ ں کا اظہار کیا۔ انہوں نے فیکلٹی ممبران اور مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسی عزم سے ادارے کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی۔پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر ارسلان واحد نے کانووکیشن میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاس ہونے والے ڈ ینٹل ڈاکٹرز کو مبارکباد دی اور ان کو محنت اور قابلیت سے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی تاکید کی ۔ تقریب میں نئی ڈاکٹرز سے اپنے پیشے اور ذمہ داریوں سے مخلص رہنے اور انسانیت کی خدمت کا حلف بھی لیا گیا ۔ کالج کے دسویں کانوکیشن کے موقع پر ایم بی بی ایس کا 17 واں اور بی ڈی ایس کا 13 واں بیچ پاس آؤٹ ہوا۔ کانووکیشن کے دوران مجموعی طور پر 222 میڈیکل گریجوایٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں جن میں ایم بی بی ایس کی 176 اور بی ڈی ایس کی 46 طالبات شامل ہیں، 12 طالبات نے سلیم گولڈ میڈل ، 9 طالبات نے مختار سلور میڈل جبکہ 98 طالبات نے امین برونز میڈل وصول کئے ۔ ایم بی بی ایس کی رومائیسہ قمر جبکہ بی ڈی ایس کی کشف قاسم نے تعلیمی کئیریر میں امتیازی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بہترین گریجوایٹس کا اعزاز حاصل کیا۔اس موقع پر نئے ڈاکٹرز کے والدین کے چہروں پر خوشی او ر مسرت کے جذبات دیدنی تھے ۔