مکرمی !کراچی جسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا، اب اس شہر میں بجلی کی شدید کمی ہے، دن بہ دن لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے- جیسے جیسے گرمی بڑھتی جارہی ہے کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی بڑھتی جارہی ہے جس نے عوام کو سخت مشکل میں ڈال رکھا ہے ،طالب علم پڑھائی پر توجہ نہیں دے پا رہے، بچے ہوں یا بڑے سب پریشان ہیں لیکن کوئی انکی سننے والا نہیں۔اِنٹر اور جامعات کے امتحانات سر پر ہیں اور ہر وقت لوڈشیڈنگ کی وجہ سے طالب علموں کو پڑھائی میں دشواری کا سامنا ہے۔کچھ دنوں بعد رمضان المبارک کا مہینہ بھی شروع ہو جائے گا جس میں کے الیکٹرک کی طرف سے لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ میری حکومت سے درخواست ہے کہ اس خراب صورتحال پر قابو پانے کے لئے موثراقدامات کئے جائیں۔ (اسد اکرم، کراچی)