اب قومی ٹیم محنت سے کھیلتی ہوئی نظر آ رہی : محسن نقوی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ اب قومی ٹیم محنت سے کھیلتی ہوئی نظر آ رہی ، صائم ایوب ہمارا اثاثہ ، اس کے علاج میں ایک فیصد بھی لاپرواہی نہیں کی جائے گی۔ گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا قومی ٹیم بہتر نتائج دے رہی ہے ، جیت ہار کھیل کا حصہ ہے تاہم تمام کھلاڑی محنت سے کھیلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا صائم ایوب کا لندن میں بہترین ڈاکٹروں سے علاج کرائیں گے جس کے لئے وہ آج لندن روانہ ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ ہیڈ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ہمراہ جائیں گے ۔ محسن نقوی نے کہا قذافی سٹیڈیم کا کام جلد مکمل ہو جائے گا اور ہم 25 جنوری کے قریب اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے آئی سی سی کے ساتھ باقاعدہ رابطہ میں ہیں اور ان کے ساتھ مل کر چیمپئنز ٹرافی کے بہترین انتظام کریں گے ۔قبل ازیں محسن نقوی نے سٹیڈیم کی تعمیر نو پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا اور سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے مین بلڈنگ کے تمام فلورز کا وزٹ کیا۔چیئرمین پی سی بی جنرل انکلوژرز کی آخری نشستوں پر گئے اور گراؤنڈ کے ویو کو دیکھا۔محسن نقوی نے جنرل انکلوژرز سے گراؤنڈ ویو کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے سٹیڈیم میں ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دی۔چیئرمین پی سی بی نے پراجیکٹ کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ نئے سٹیڈیم کا گرے سٹرکچر 100 فیصد مکمل ہو گیا ہے جبکہ فنشنگ ورک تیزی سے جاری ہے ۔ اب سٹیڈیم میں 34 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش ہو گی،جدید لائٹس کی تنصیب آخری مرحلے میں ہے ۔علاوہ ازیں محسن نقوی نے برٹش جونیئر اوپن سکوائش چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستانی کھلاڑی سہیل عدنان کو مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے کہا سہیل عدنان نے چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔