اسرائیل کے غزہ اور بیروت پر فضائی حملے ، 78افراد شہید؛ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ خطرناک اقدام ہوگا:روس
غزہ (نیٹ نیوز،ایجنسیاں)اسرائیل نے غزہ میں ہسپتال اور سکول پر شدید فضائی حملے کیے جن میں 61فلسطینی شہید اور 254زخمی ہو گئے ۔عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک سال سے جاری اسرائیلی جارحیت میں 902فلسطینی خاندان مکمل شہید کردیے گئے جبکہ 1364خاندان ایسے ہیں جن کا صرف ایک فرد زندہ بچا ہے جبکہ 3472خاندانوں کے صرف 2افراد زندہ بچے ہیں۔17ہزار بچے والدین میں سے کسی ایک کو کھو چکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیل نے وسطی بیروت اور جنوبی لبنان کے متعدد مقامات پر بمباری کی جس سے 17لبنانی شہری شہید اورڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی طیاروں نے شام لبنان سرحد پر بمباری کر کے ہلال احمر کا فیلڈ ہسپتال بھی تباہ کر دیا۔صیہونی فوج نے عالمی ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے لبنان میں سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج پر دوبارہ گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مزید 9اہلکار زخمی ہو گئے ۔انڈونیشیا، اٹلی اور سپین نے امن فوج پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ، فرانس نے مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کو طلب کر لیا ہے ۔امریکی اخبار کے مطابق ایران نے خفیہ سفارتی ذرائع سے خلیجی ممالک اردن، امارات، سعودی عرب اور قطر کو وارننگ دی ہے کہ اس پر حملے کیلئے جس ملک کی فضائی یا زمینی حدود استعمال ہوئی وہ نشانے پر ہوگا۔ان ممالک نے امریکہ پر واضح کر دیا ہے کہ وہ امریکہ یا اسرائیل کو اپنی فضائی حدود ایران کے خلاف جارحیت کیلئے استعمال کرنے دینا نہیں چاہتے ۔ادھر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر کوئی بھی حملہ انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہوگا۔