2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ سے ملنے والا فائدہ عوام کو جانا چاہیے : نعیم الرحمن

11-10-2024

لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پانچ آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ سے قومی خزانہ کو چارسو گیارہ ارب کا فائدہ ہوگا جو براہ راست بجلی ٹیرف میں کمی کی صورت میں عوام کو جانا چاہیے ۔ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک نے حکومت کو آئی پی پیز سے بات چیت پر مجبور کیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی غیر آئینی ہے ، پرامن احتجاج ہر کسی کا آئینی حق ہے ، کسی کو یہ بھی حق حاصل نہیں کہ اپنی ریلیوں میں پاکستان مخالف نعرے لگائے ۔ جماعت اسلامی کی مہنگی بجلی گیس کے خلاف تحریک جاری، بجلی بلوں کے بائیکاٹ پر عوامی ریفرنڈم کرائیں گے ۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کسانوں کو مافیا قرار دینے پر شدید تنقید کی اور کہا یہ ان کے ذہن کی عکاسی ہے ، یہ اشرافیہ عام لوگوں کو مافیا جب کہ اپنی کلاس کو ریلیف دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے ۔ پانچ آئی پی پیز سے نہیں سب سے معاہدے ختم کیے جائیں، موجودہ ریلیف آٹے میں نمک کے برابر ہے تاہم اسے خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی سے ہونے والے راولپنڈی معاہدہ پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے ، تنخواہ داروں کو ٹیکسز میں ریلیف، پٹرولیم لیوی کا خاتمہ، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ چاہتے ہیں۔ بجلی کی اصل لاگت کے مطابق بل بھیجے جائیں، بلوں میں درجن بھر ٹیکسز، فکس ٹیکس کو ختم کیا جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو قطعی طور پر حق حاصل نہیں کہ ڈپلومیسی پر بات کرے ، افغان سرحد پر جنگ کی سی کیفیت ہے ، افغانستان سے دشمنی اور بھارت سے دوستی کی پینگیں پاکستانی عوام کو قبول نہیں۔ آپ چیف منسٹر ہیں تو چیف منسٹر بن کر رہیں۔ حیران ہیں کہ عمران خان نے ابھی تک بیرسٹر سیف کے بیان پر ایکشن کیوں نہیں لیا۔