حکومت کی آئینی عدالت بنانے کی سوچ پوری نہیں ہو گی:تحریک انصاف
اسلام آباد، پشاور ،راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہاہے حکومت کی آئینی عدالت بنانے کی سوچ پوری نہیں ہوگی،پی ٹی آئی کو یہ عدالت کسی صورت قبول نہیں، آئینی بنچ میں سینئر ججز کو بٹھایا جائے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گالیکن منصوبہ یہ ہے کہ آئینی عدالت ہو اور اس میں چن چن کر من پسند ججز کو متعین کیا جائے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے مولانا فضل الرحمان کا کردار اس وقت کلیدی بھی ہے اور تاریخی بھی،وہ اپنی زندگی کی بہترین اننگز کھیل رہے ہیں،آئین میں بگاڑ کا جو سلسلہ شروع ہوا مولانا اس کے سامنے دیوار ثابت ہوں گے ،اگر آئینی مقدمات کی وجہ سے دوسرے مقدمات متاثر ہوتے ہیں تو ایک آئینی بنچ بنا دینا چاہئے ، ایسا سسٹم انڈیا میں بھی بہت سالوں سے رائج ہے ،پی ٹی آئی کی تجاویز جے یوآئی (ف )کے مسودے میں شامل ہوں گی۔علی محمد خان نے کہاحکومت ہر وہ غیرقانونی کام کررہی جو ان کے راستے کی رکاوٹ ہے ،پارلیمنٹ کی اس سے زیادہ بے توقیری نہیں ہوسکتی کہ قانون سازی مسلط کی جائے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرنے کہا پی ٹی آئی قیام امن کی کوششوں میں صف اول میں نظرآئے گی، جرگے میں اہم قومی نوعیت کے نکات پرتمام جماعتوں میں اتفاق ہوگیا ،امن جرگے میں تمام جماعتیں مشترکہ کوششوں پرمتفق ہوگئیں،اتفاق ہواآئندہ اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی ملکی ادارے کیخلاف نعرہ نہیں لگے گا،قومی پرچم کے تقدس اورآئین کے احترام کی تمام جماعتیں پابندی کریں گی،تمام سیاسی جماعتیں قیام امن کیلئے ا ختلاف پس پشت ڈال کرکام کریں گی۔پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے محسن نقوی پھنس گئے تو علی امین گنڈاپور کے پیروں میں بیٹھ گئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا محسن نقوی کو خیبر پختون خوا کی ضرورت پڑی تو منہ اٹھا کریہاں آ گئے ،وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کی گرفتاری کی کوشش کی گئی، علی امین گنڈاپور ان کو معاف کر دیں گے مگر ہم محسن نقوی کو معاف نہیں کریں گے ،وزیر داخلہ ان خاندانوں سے معافی مانگیں، ان کے احکامات پر ہمارے رہنما جیل میں ہیں، محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کو براہِ راست آرڈر دیئے ، اس لیے گزشتہ روز آئی جی سے اختیارات لے لئے گئے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین خان کا کہنا ہے عمران خان کو جیل میں قید کیا ہوا ہے ، کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہا، ہم اس وجہ سے پریشان ہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ،بانی پی ٹی آئی نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں، اُمید نہ تھی ہمارے ساتھ ایسا سلوک ہو گا،ان کو جیل میں ایسے ڈالا ہوا ہے جیسے وہ مجرم ہیں۔