2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا، 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے متوقع

10-10-2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی،این این آئی؍ نیٹ نیوز)پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔ نورخان ایئربیس پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان ، وزیر تجارت جام کمال، مصدق ملک اور دیگر اعلی حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے ۔سعودی عرب کے وفد کی جانب سے پاکستان کے ساتھ 30معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں 2ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ شعبوں میں زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، کنسٹرکشن میٹریل ، پٹرولیم اور پاورسیکٹر شامل ہیں،اس کے علاوہ فوڈ سکیورٹی ، گوشت اور چاول کی برآمدات بڑھانے کیلئے معاہدوں پر بھی دستخط کئے جانے کا امکان ہے ۔کان کنی،آئل ریفائنری،ریلوے کے شعبے میں تعاون میں پیشرفت کابھی جائزہ لیاجائے گا، اگلے 4سال میں پاکستان میں5ارب ڈالرسے زائدکی سعودی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ سعودی عرب کانجی شعبہ پاکستان میں تقریبا1ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گا، سعودی وفد کی پاکستانی کمپنیوں سے بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں ، سعودی وفدسعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے تحت منصوبوں پر بات چیت کرے گا۔وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزارتی سطح پر سعودی وفد کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگز کل ہوں گی، وفد کے ساتھ کل پلینری سیشن، سیکٹورل بریک آؤٹ سیشن، بزنس ٹو بزنس سیشن ہوگا۔ سیشنز کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوں گے ۔