سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم، 86 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور
کراچی (نیوزایجنسیاں )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ برقرار ہے ۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس نے پہلی بار 86 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر لی ۔بدھ کو سٹاک مارکیٹ میں 100ا انڈیکس پہلی بار86400پوائنٹس کی بلند سطح چھونے کے بعد 85600پوائنٹس پر بند ہوا۔محدود پیمانے پر تیزی سے مارکیٹ کے سرمایہ میں 2ارب19کروڑ 72لاکھ 5ہزار32روپے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمایہ کا مجموعی حجم 111 کھرب 72ارب3کروڑ12لاکھ51ہزار767روپے سے بڑھ کر111کھرب74ارب 22کروڑ84لاکھ56ہزار799روپے ہو گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو31ارب روپے مالیت کے 59کروڑ60لاکھ52ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو 33ارب روپے مالیت کے 50کروڑ65لاکھ65ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔گذشتہ روز مارکیٹ میں مجموعی طور پر 313کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 162کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،145میں کمی اور6کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ماہرین کے مطابق آئی پی پیز کیساتھ حکومتی معاہدہ ختم ہونے پر مختلف قیا س آرائیوں کے باعث فروخت کا دبائو دیکھا گیا تاہم پاک چین اقتصادی راہداری پر نظر ثانی ہونے ،اسلام آباد میں شنگھائی اجلاس اور شرح سود میں متوقع کمی جیسے عوامل نے مارکیٹ کو تیزی کی جانب گامزن رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ادھر انٹر بینک میں بدھ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہو گیا ۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر277.75روپے پر برقرار رہی تاہم اوپن مارکیٹ میں5پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر279.66روپے سے گھٹ کر279.61روپے ہو گئی۔ یورو کی قدر میں35پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قدر 306.01روپے سے کم ہو کر305.66روپے ہو گئی جبکہ 18پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر365.25روپے سے کم ہو کر365.07روپے پر آ گئی ۔ادھر مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں تین ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔آل صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار کی کمی ہوئی جس کے بعد 24 قیراط فی تولہ سونے کا نیا ریٹ 2 لاکھ 71 ہزار 700 روپے ہوگیا ۔10 گرام سونے کے بھاؤ 2 ہزار 572 روپے کم ہوکر 2 لاکھ 32 ہزار 939 روپے ہوگئے ۔10 گرام کے 22 قیراط سونے کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 527 روپے پر آگئی ۔دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کے دام 30 ڈالر گھٹ کر 2617 ڈالر ریکارڈ کئے گئے ۔