2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، پاکستان کاامریکہ سے آج پہلا میچ

18-01-2025

جوہر(این این آئی)کومل خان کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 ٹیم (آج)ہفتہ کو آئی سی سی ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکہ کے خلاف کھیلے گی،پاکستان ٹیم کا گروپ بی میں دوسرا میچ 20 جنوری کو انگلینڈ اور تیسرا میچ 22 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔تینوں میچز جوہور کرکٹ اکیڈمی اوول، جوہور میں کھیلے جائیں گے جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونگے ۔گروپ مرحلے کے اختتام پر چار گروپس اے ، بی، سی اور ڈی میں سے ہر ایک کی تین ٹیمیں سپر 6 مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔ گروپ اے اور ڈی، اور بی اور سی کی سب سے نیچے کی ٹیمیں 24 جنوری کو آخری جگہ کے پلے آف میں مقابلہ کریں گی۔سپر 6 مرحلے میں ہر ٹیم اپنی جیت، پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ آگے بڑھائے گی جو سپر 6 کوالیفائنگ ٹیموں کے خلاف ہوں گے ۔سپر6 مرحلے کے دو گروپوں میں سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 31 جنوری کو ہوں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 2 فروری کو کھیلا جائے گا۔پاکستان نے میگا ایونٹ کی تیاری کے لیے 13 اور 15 جنوری کو نائیجیریا اور آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے ۔ اس نے نائیجیریا کو 11 رنز سے شکست دی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے ڈی ایل ایس کے تحت 54 رنز سے شکست ہوئی۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم نے کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں نو روزہ تربیتی سیشن کیا تھا جس میں کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ محسن کمال اور ان کے کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ کی تھی۔کپتان کومل خان کے مطابق ہمارا گروپ کچھ عرصے سے ایک ساتھ ہے جس نے پچھلے چند ہفتوں کے دوران اپنے کھیل پر بہت زیادہ محنت کی ہے اور ہم میں اچھی کارکردگی دکھانے کا بھرپور جذبہ موجود ہے ۔ ہمارا حتمی ہدف یہ ہوگا کہ ہم اپنے بہترین کارکردگی کو سامنے لائیں جب ہم اپنے گروپ میچوں میں امریکہ، انگلینڈ اور آئرلینڈ کا مقابلہ کریں گے تو نتائج کو اپنے حق میں کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ ہمارے پاس بولنگ اور بیٹنگ کے شعبوں میں ورائٹی اور ٹیلنٹ ہے اور ٹریننگ اور وارم اپ کے ساتھ اگلے پانچ دنوں میں تین انتہائی اہم میچ ہم سب کو کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش کردیتے ہیں۔