2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

چینی فوج اور حکمران امریکی عوام کو متاثر کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کررہے ہیں:تھنک ٹینک

08-10-2024

واشنگٹن( این ایم سلہری سے ) بیجنگ کی خفیہ کارروائیوں پر مبنی ایک نئی تحقیق کے مطابق، چین کی فوج اور حکمران کمیونسٹ پارٹی نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنا اثرورسوخ بڑھانے اور امریکی عوام کو متاثر کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت کا رخ کیا ہے ۔ امریکی تھنک ٹینک ادارے RAND کارپوریشن کی مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیپلز لبریشن آرمی (PLA) خاص طور پر امریکہ کے خلاف تین طرح کی کارروائیاں کر رہی ہے جہاں مصنوعی ذہانت کے ٹولز کو استعمال کر کے وہ امریکہ میں ایک ہیجانی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ چین کے رہنما اب غیر ملکی رائے عامہ کو متاثر کرنے کیلئے فیس بک اور ٹویٹر کے استعمال کو کلیدی ٹولز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، تھنک ٹینک نے 183 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ کے ابتدائیہ میں کہا کہ یہ رپورٹ چینی پارٹی اور فوجی تحریروں کے گہرائی سے جائزے پر مبنی ہے جو معلوماتی جنگ کے اہداف کا تجزیہ کرتی ہے ، جسے پیپلز لبریشن آرمی "تھری وارفیئر" کہتی ہے ۔