کراچی(صباح نیوز) انٹربینک میں ڈالر 65 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد 156 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر پھر مہنگا ہو گیا، انٹر بینک مارکیٹ میں 65 پیسے اضافے کے بعد 156 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوا، یاد رہے جمعہ کو ڈالر 155 روپے 85 پیسے میں بند ہوا تھا اور گذ شتہ ہفتے انٹربینک میں ڈالر 7 روپے 25 پیسے مہنگا ہوا جس کے سبب پاکستانی قرضوں کے بوجھ میں 725 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا تھا۔اوپن مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ڈالر 9 روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 157 روپے 50 پیسے پر بند ہوا تھا، سونے کی قیمت بھی بلند ترین ملکی سطح پر پہنچ گئی تھی جو فی تولہ 4 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد 75 ہزار 900 روپے ہو گئی تھی۔