وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے بلیو ایریا میں اربوں روپے کے تجارتی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ تحریک انصاف نے انتخابات میں 50لاکھ گھروں اور روزگار کے ایک کروڑ نئے مواقع پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وعدے کی تکمیل کے لیے حکومت مختلف شہروں میں سستے گھروں کا منصوبہ پہلے ہی شروع کر چکی ہے۔نوکریوں کے حوالے سے بعض حلقوں کی طرف سے یہ تاثر دیاجا رہا تھا کہ حکومت 1کروڑ افراد کو نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جس کی وضاحت گزشتہ دنوں وزیر اعظم نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران بھی کی تھی کہ ایک کروڑ افراد کو سرکاری نوکری فراہم کرنا حکومت کے لئے ممکن ہے ناکہ نوجوان سرکاری نوکری کے پیچھے بھاگیں۔ وزیر اعظم نے نجی شعبہ کے تعاون سے ایک کروڑ افراد کو روزگار فراہم کرکے وعدے کی تکمیل کا اشارہ بھی دیا ہے۔ اب اسلام آباد منصوبے کے ذریعے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔ وزیر اعظم نے ایسے منصوبے دیگر شہروں میں بھی شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ بہتر ہو گا حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی طرف مائل کرنے کے لیے سرمایہ کے تحفظ اور کاروباری آسانیوں کو بھی یقینی بنائے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوسکیں۔