لاہور (92 نیوزرپورٹ) آٹا سستا لیکن روٹی اور نان مہنگے ہوگئے ، حکومتی نرخوں پر آٹے کی سپلائی کے باوجود سادہ روٹی 8 سے 10روپے اور نان 15 روپے کا فروخت کیا جا نے لگا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومتی نرخ پر آٹے کی سپلائی جاری ہے ،20 کلو آٹے کے تھیلے کاایکس مل ریٹ837،جبکہ ریٹیل پرائس860 روپے ہے ۔ مارکیٹ میں آٹا سرکاری قیمتوں پر ملنے کے باوجود نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی۔تنور مالکان کی جانب سے 100گرام روٹی کی قیمت 8 جبکہ120 گرام والا نان15روپے میں بیچا جا رہا ہے ۔شہری کہتے ہیں حکومتی نرخوں پر آٹے کی سپلائی تو جاری ہے لیکن پرائس کنٹرول کمیٹی روٹی اور نان کی قیمتیں کم نہیں کرا سکی۔روٹی 8یا10روپے کی ہوگئی توتین سے چارسوکی دیہاڑی والاغریب بندہ کیسے کھائے اورکیاکھائے ،صورتحال سے پریشان ہیں۔صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل کا کہنا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمت میں کمی نہیں کر سکتے ، جب 20 کلو آٹے کی قیمت805روپے تھی تب روٹی7 روپے کی فروخت کرتے تھے ، اب تھیلا 860 روپے کا ہونے پر روٹی اور نان سستا نہیں بیچ سکتے ۔