اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام کی ترویج و ترقی میں صوفیائاور اولیائکا اہم کردار ہے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سجادہ نشین دربار غوث اعظم بغداد الشیخ سید خالد عبدالقادر منصور الگیلانی، نقیب الشراف سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے دوران سجادہ نشین دربار غوث اعظم بغداد شیخ سید خالد عبدالقادر منصور الگیلانی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مختلف تبرکات پیش کئے ۔ اس موقع پر شیخ سید خالد عبدالقادر منصور الگیلانی نے کہا کہ عالم اسلام میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے میں شاہ محمود قریشی نے اہم کردار ادا کیا ۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ سے معروف امریکی سکالر اور جان ہاپکنز سکول آف ایڈوانس انٹرنیشنل سٹڈیز کے ڈین ولی رضا نصر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیائسے متعلق امریکی پالیسی پر گفتگو کی گئی۔ شاہ محمود نے کہا کہ امریکہ افغان امن معاہدہ خطہ میں امن و استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،اس سے خطے میں مستقل امن کا قیام ممکن ہو گا۔ علاوہ ازیں شاہ محمودقریشی سے برطانیہ کی بیرونیس نوشینہ مبارک نے ملاقات کی اور پاک برطانیہ تجارتی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔وزیر خارجہ نے کہاکہ یورپی یونین سے علیحدگی کے پس منظر میں پاکستان کیلئے برطانیہ کے ساتھ تجارتی روابط میں فروغ کے بہترین مواقع موجود ہیں۔