اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو چار ہفتوں کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کو متعصبانہ قرار دینا نہایت افسوسناک ہے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا سیاست کو پس پشت ڈال کر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر نیک نیتی سے فیصلہ کیا،قانون کی پاسداری حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی ردعمل اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ میاں صاحب کی بیماری پر سیاست کرنا چاہتے ہیں،علاج نہیں، اگر آپ قانون کا احترام کرتے ہیں تو قانونی تقاضے کو پورا کرنے میں کیا عار ہے ؟ یہ مسئلہ تحریک انصاف اور ن لیگ کا نہیں، ایک شخص کی صحت کا ہے جس کے ریلیف کیلئے حکومت نے غیر معمولی قدم اٹھایا ہے ۔ ایک اور ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے سارے پلان ناکام ہوں گے ، مولانا فضل الرحمٰن کا پلان (بی) سیاسی بدحواسی پلان ہے ، انہیں سمجھ نہیں آرہی، وہ کیا کریں۔