لاہور(گوہر علی) پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے 8بل نہ جانے کہاں کھوگئے ، 20روز قبل منظو رہونے والے بل ابھی تک قانون نہیں بن سکے ، 20روز گزرنے کے باوجودابھی تک ان بلزکا گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا ، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ ، محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ محکمے ان بلز کی تلاش میں مصروف مگر ان کو ان منظور شدہ بلز کا علم نہیں ہوسکا ہے ،پنجاب اسمبلی سے 15جولائی کو دی پنجاب انفیکشن ڈزیز ،دی پنجاب کوڈ آف سول پروسیجر( ترمیمی)، دی پنجاب پری وینٹیشن آف ہارڈنگ ،دی پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنزمنظور ہوئے ،22جولائی کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس، دی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام بل،دی پنجاب ان ڈیزائر ایبل سوسائٹیز کوآپریٹوترمیمی ،دی کوآپریٹو سوسائٹیز( ترمیمی) بل منظور کئے گئے ،ذرائع کے مطابق یہ بلز منظوری کے بعد ایوان وزیر اعلیٰ بھیجے گئے مگر ابھی تک پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور محکمہ قانون کو معلوم نہیں کہ یہ بلز کہاں ہیں اور کیوں ابھی تک ان بلز کو قانون نہیں بنایا گیا ، پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے کہ پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے بلز کے بارے کسی کو علم نہیں کہ ان کو قانون کیوں نہیں بنایا جا رہا اور کیوں یہ بل غائب ہیں،اس حوالے سے سیکرٹری قانو ن پنجاب نذیر گجانہ سے رابطہ کی کوشش کی تو انہوں نے فون نہ سنا۔