لاہور،اسلام آباد،سکھر(اپنے نیوز رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،بیورو رپورٹ)احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے شریک چیئرمین پی پی آصف زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہامیڈیکل رپورٹ میں آصف زرداری کوجیل میں اے سی، فریج اورایٹنڈنٹ فراہم کرنے اورپمز ہسپتال منتقل کرنے کا کہاگیا، آصف علی زرداری نے عدالت میں بتایا تھا کہ طبیعت بگڑنے پر ڈیڑھ گھنٹہ ہسپتال شفٹ کرنے میں لگ جائینگے ،میرے موکل کی جان کو خطرہ ہے ، عدالتی ریلیف ہمارا حق ہے ،موکل کوجیل میں ذاتی اٹینڈینٹ ساتھ رکھنے کی اجازت دی جائے ، ہمارے لوگ جیل کے باہر اپنا خیمہ لگا لیں گے ، صرف صبح اور شام اندر جا کر چیک کریں گے ۔احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں خواجہ برادران کی فرد جرم ختم کرکے بری کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل سنایا جائے گا۔ سعد رفیق نے عدالت کو بتایامیرے چھوٹے بھائی سلمان رفیق کوکیمپ جیل میں ٹائیفائیڈ ہو گیا ہے اور وہ مسلسل دوائی لے رہے ہیں جس کے باعث انہیں عدالت پیش نہیں کیا جارہا۔ملزمان کے وکیل اشتر اوصاف نے کہا کمپنیز ایکٹ 2017 کے مطابق پیراگون ریفرنس نیب کی حدود میں نہیں آتا، کیا چیئرمین نیب نے ریفرنس سے پہلے قانونی رائے لی تھی؟ ،نیب سے ریفرنس دائر کرنے کی غلطی ہوچکی اور وہ غلطی کو چھپا رہے ہیں،، جب پراسکیوشن اس طرح کی غلطی کرتی ہے تو یہ کہتے ہیں فرد جرم عائد ہو گئی ہے اب مٹی پاؤ، عدالت پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالوں گا۔جج نے کہا زیادہ بوجھ نہ بھی ڈالیں گے تو بھی میری 2 چھٹیاں تو خراب ہو چکی ہیں۔نیب پراسیکوٹر نے کہاتمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کررکھے تھے ۔احتساب عدالت سکھرکے جج امیر علی مھیسر نے عام تعطیل کے باعث پی پی رہنماخورشید شاہ کے ریمانڈ میں ایک روز توسیع کردی۔احتساب عدالت لاہور نے ناجائز بھرتیوں کے کیس میں پیش نہ ہونے پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں ملزمان عبدالشکور اور عبدالستار قریشی کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے 24 اکتوبر تک نیب کے حوالے کر دیا ،سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن میں شریک 6 ملزمان اسلم پرویز، عبدالرشید چنا، ظفر انٹر پرائزز، عزیر تحسین، بلدیو اور عابد آرائیں75 ملین کی پلی بارگیننگ کیلئے تیار ہوگئے ۔احتسا ب عدالت نے ڈریپ میں 1ارب68کروڑروپے کی کرپشن کے ریفرنس کی سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کر دی،نیب نے ملزم سابق سیکرٹری قانون اور سابق سی ای او ڈریپ ارشد فاروق فہیم کی بریت کی مخالفت کر دی۔ احتساب عدالت میں صاف پانی پراجیکٹ کیس کے ملزم سلیم انجینئر کے پیش نہ ہونے کے باعث ملزم پر فرد جرم عائد نہ کرسکی،مزید سماعت 28 اکتوبرکو ہوگی۔احتساب عدالت لاہور نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس میں سابق وفاقی سیکرٹری سلمان غنی اور لیگل ایڈوائزر محمد رمضان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا مسترد کرکے دونوں ملزمان کو جوڈیشل کر دیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم شعیب قمر کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے صاف پانی کرپشن کیس میں ملوث ملزم قمرالسلام اور وسیم اجمل کے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔