لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ پنجاب میں بدامنی اور بدانتظامی کی وجہ سے سڑکیں محفوظ ہیں نہ ہسپتال، غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا راج ہے ، غنڈوں اور بدمعاشوں نے باقاعدہ گینگ بنا رکھے ہیں جو معصوم لوگوں کی عزتوں اور جانوں سے کھیل رہے ہیں مگر حکومت بے بس اور یرغمال ہے ۔ گزشتہ روز ننگل ساہداں مرید کے میں 7دسمبر کو عدالت میں پیشی کے بعد دن دیہاڑے قتل کئے گئے تین کارکنوں کے گھروں میں اظہار تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی بے بسی کا یہ عالم ہے کہ اب ہسپتالوں میں مریض بھی محفوط نہیں رہے ۔ پنجاب حکومت کی ناک کے نیچے دن دیہاڑے جی ٹی روڈ پر ہمارے تین کارکنوں کو قتل کردیا گیا مگر ایک ہفتہ کے بعد بھی قاتل گرفتار نہیں ہوسکے جو پنجاب حکومت اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بدترین ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے ۔ قاتلوں نے شہر اور تھانوں کو یرغمال بنا رکھا ہے ،بہت سے علاقوں کو نوگو ایریا بنا دیا گیا ہے ۔معاشرہ انتشار اور انارکی کا شکار ہے اور پولیس وی آئی پی ڈیوٹیاں کررہی ہے ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ،حکومتی ذمہ داران ،پولیس اور انتظامیہ کے افسر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔اس موقع پر جاوید قصوری اور قیصر شریف بھی موجو دتھے ۔علاوہ ازیں سراج الحق نے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے زیراہتمام اضلاع کے سیکرٹریزاطلاعات وسوشل میڈیا ہیڈز کے صوبائی میٹ اپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے آفیشل پیجز بند کئے جارہے ہیں تاکہ کشمیر کے ایشو کو دبایا جاسکے ۔ 22دسمبرکو اسلام آباد کشمیر مارچ میں بے حس حکمرانوں کو بے نقاب کرتے ہوئے قوم کوبتائیں گے کہ حکومت کشمیرکازکو پس پشت ڈال چکی ہے ۔ حکومت کے سامنے چارٹرآف ڈیمانڈزبھی رکھیں گے ۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف، صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،مرکزی ناظم سوشل میڈیاشمس الدین امجد،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان نے بھی اظہارخیال کیا ۔دریں اثنا سینیٹرسراج الحق نے سانحہ پی آئی سی لاہورکے معاملہ پرسینٹ میں قراردادجمع کرادی جس میں کہا گیا کہ وکلا اورڈاکٹرزکے مابین تصادم کی اعلیٰ سطح پرجوڈیشل انکوائری کرائی اورملوث افرادکوقرارواقعی سزادی جائے ۔ایوان سینٹ پرتشدد واقعہ کی مذمت اوراس میں تین افراد کی وفات پر اظہارافسوس کرتا ہے ۔فریقین میں کئی ماہ سے جاری جھگڑا کے باوجودانتظامیہ کی جانب سے معاملہ حل نہ کراناافسوسناک ہے ۔