لاہور(گوہر علی)پنجاب میں پولٹری انڈسٹری سخت مشکلات کا شکار ہونے کی وجہ سے بحران کا شکار ہوگئی،برائلر ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں ہڑتال کی دھمکی دے دی، حکومت مرغی کے گوشت کی قیمت کم کرانے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی اور اب اس کی قیمت بڑھنے کے امکانات ہیں،حکومت کی طرف سے مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی کے لئے دبائو پر پولٹری ایسویشز ،پولٹری فارمرز، پولٹری ٹریڈرز نے سخت ردعمل ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ماہ میں مختلف وجوہات کی بنا پر پولٹری فارمرز کا سخت نقصان ہوا۔ کورونا وائرس کی وجہ ہوٹل انڈسٹری اورریسورٹنس بند رہے ، تقریبات کا انعقاد نہ ہونے سے بھی فارمرز کی بڑی تعداد نے چوزہ ڈالنا چھوڑدیا ، پنجاب میں ماضی میں زندہ مرغی کی قیمت دوسرے صوبوں سے کم ہونے کی وجہ سے دوسرے صوبوں کو سپلائی ہوتی رہی ، گزشتہ کئی ماہ سے زندہ مرغی فی کلو 70روپے فروخت کرنے سے فارمر کو سخت نقصان ہوا اور پولٹری یونٹ بند ہوگئے ، عید الفطر کے موقع پرگوشت کی طلب میں اضافہ ہوا تو قیمت بڑھ گئی۔پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر فرغام چوہدری اور سیکرٹری جاوید بخاری نے بتایا اب بھی وقت ہے حکومت پولٹری کے نرخ مقرر نہ کرے اورطلب و رسد کے مطابق ہی اس نظام کو چلنے دیا جائے ، ماضی میں ہمارا بہت نقصان ہوچکا ۔برائیلر ٹریڈرزایسوسی ایشن کے طارق جاوید نے کہا حکومت کو ساری صورتحال سے آگاہ کردیا ہے ،مطالبات نہ ما نے گئے تو پیر سے ہڑتال کریں گے جومطالبات کی منظوری تک پنجاب بھر میں جاری رہے گی۔