خیرپورٹامیوالی،بہاولپور(نامہ نگار،نمائندہ 92نیوز)خیر پور ٹامیوالی میں 20 سالہ لڑکی زیادتی کا شکار ،مقامی پولیس سے انصاف نہ ملا تو لڑکی نے دلبرداشہ ہوکرزہر پی کر موت کو گلے لگا لیا ۔ ’’ابا آپ کل سر اٹھا کر جیو گے ‘‘ مجبور بیٹی کے آخری الفاظ نے درو دیوار ہلاکر رکھ دیئے ، لڑکی کے والدغلام فرید کے مطابق گزشتہ شام لڑکی کوکھیتوں میں لقمان نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔مقامی تھانہ خیر پور ٹامیوالی انصاف کیلئے گئے تو انہوں نے پولیس چوکی پر بھیج دیاچوکی پولیس جائے وقوعہ پر گئی اور دونوں فریقین کوچوکی پر آنے کا کہا۔ صلح کے لئے دباؤ ڈالتے رہے ، لڑکی نے رات پولیس کے رویہ سے دلبرداشتہ ہوکر سپرے پی لیا ، والد اپنی بچی کو بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال لایا تو بچی جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی ،92 نیوز نے خبر نشر کی تو پولیس کو ہوش آیا۔بہاولپور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف نے نوٹس لیتے ہوئے متوفیہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ خیر پور ٹامیوالی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف نے موقع کا وزٹ کیا اور لواحقین سے ملاقات کی اور مدعیہ مقدمہ کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ، تھانہ خیر پور ٹامیوالی پولیس نے ڈی پی او کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم لقمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی پی او نے مدعیہ کی مناسب دادرسی نہ کرنے پر ایس ایچ او انسپکٹر انوارالحق،تفتیشی آفیسر اے ایس آئی اشفاق اور محرر محمد صدیق کو بھی مقدمہ میں گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔