اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ، 92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اتحادیوں سے مل کر پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی میڈیاسٹریٹجی کمیٹی کااجلاس ہوا،اجلاس میں بابر اعوان، معید یوسف، شہباز گل، فیصل جاوید، مراد سعیدشریک تھے ،اجلاس میں ملک کی معاشی ، سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے تحفظات،حکومتی وفد کی ایم کیو ایم کے وفدسے ملاقات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا ہمیں کسی صورت بھی اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہیں، خالد مقبول صدیقی کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں دیکھنا چاہتے ہیں،ایم کیوایم کے مطالبات کراچی کے عوام سے کئے گئے وعدوں کے مطابق ہیں ۔ وزیر اعظم نے جہانگیر ترین کو بی این پی مینگل سے فوری رابطے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی قیادت سے بھی فوری ملاقات کی جائے ،انہوں نے دونوں جماعتوں کے تحفظات دور کرنیکی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے معاملات کو دانشمندی سے حل کرنے کی ضرورت پرزور دیا اور پارٹی رہنمائوں کو اتحادی جماعتوں کے تحفظات کے معاملے پر بیان بازی سے گریز کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں نوازشریف کی سوشل میڈیاپرآنے والی تصویرکابھی تذکرہ ہوا، مشرف سے متعلق فیصلے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ محمود خان ، سردار آصف نکئی ، ڈاکٹر بابر اعوان نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔ وزیراعظم اور بابر اعوان کی ملاقات میں ملکی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم کو مختلف قانونی اور آئینی امور پر بھی بریفنگ دی گئی ،وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا استحکام اداروں کی آزادی میں ہے ،2020 عوام کیلئے ریلیف کا سال ہے ،اداراجاتی ریفارمز کو آگے بڑھائیں گے جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں توانائی، ہائر ایجوکیشن، صحت، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات خصوصاً انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کے جائزہ ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاہے کہ بعض بیرونی عناصر قبائلی علاقوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے عوام کے ساتھ مل کر ایسے بیرونی عناصر کی سازشوں کو ناکام بناناہے ، ملک بھر میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے حوالے سے قومی پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے ، قومی سطح پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پالیسی تشکیل دینے کا عمل شروع کیاجائے ، اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کامرس ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ای کامرس پالیسی اور نیشنل ٹیرف پالیسی پر عمل درآمد کیلئے حکمت عملی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ وزیر اعظم سے صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی ۔عمران خا ن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ اقتدار سنبھالتے ہی صنعتکاروں، تاجر برادری سے روابط استوار کئے ،اب تک صنعتکاروں، تاجر برادری سے اہم امور پر مشاورت جاری ہے ،ہم نے درست فیصلے کرکے ملکی معیشت کو آئی سی یو سے نکالا ہے ،وفد نے وزیر اعظم کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا جس میں امریکہ، ایران کشیدگی اور عالمی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کا 16نکاتی ایجنڈہ جاری کردیا گیا ۔