لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک) ق لیگ کے سینئر رہنما اور حکومت کے اہم حلیف سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت میں شامل اتحادیوں میں اختلاف پیدا کرنے کی کوئی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی اور ایسا کرنے والے ناکام رہیں گے ، ہم حکومتی اتحادی ہیں اور رہیں گے ،کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کر سکتا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی حقیقتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے ہمیشہ درست بات کی اور دھرنوں کے دوران بھی ٹکراؤ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جبکہ نوازشریف کے معاملے پر بھی جو کہا وہ وزیراعظم کے فائدے کیلئے کہا، چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کیلئے دھرنے کے دوران مولانا فضل الرحمن سے رابطے کیے تھے جو درست ثابت ہوئے اور دھرنوں میں امن و امان برقرار رکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کو جاتا ہے ،علاوہ ازیں پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیک نے چودھری پرویزالٰہی کی رہائش گاہ پر اس سے ملاقات کی، چودھری پرویزالٰہی اور جرمن سفیر نے دونوں ملکوں کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، انہوں نے دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد جرمنی میں مقیم ہے اور وہ اپنے ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جرمن سفیر نے چودھری پرویزالٰہی کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات ہمارے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔