لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،سینیٹر اورنگزیب خان سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کا ہے ، کشمیرکی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کی سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں، انہوں نے کہا کہ ا فراتفری کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں،ملک دشمن احتجاج کی آڑ لے کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر لمحہ فلاح عامہ کیلئے وقف ہے ۔قبل ازیں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پرہونے وا لی پیشرفت کے بارے میں صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے کم آمدن والے لوگوں کو جلد ازجلد گھر فراہم کرنے کے لئے قابل عمل پلان تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ2ہفتے کے اندر قابل عمل پلان مرتب کر کے پیش کیاجائے ، وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں فوری طورپرکمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ کو اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے اور ٹرین کو پہلی بار بجلی سے چلانے کے آزمائشی ٹرائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈیرہ گجراں سے انار کلی تک 13سٹیشن پر کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اورنج لائن میٹروٹرین 28اکتوبر سے ڈیرہ گجراں تا انارکلی تک چلائی جا سکے گی اور ٹرین کو بجلی سے چلانے کا پہلی بار آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا، وزیراعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ 11دیگر سٹیشن پر کام کو نومبر کے اوائل تک مکمل کرلیا جائے گا اور ان سٹیشن پر کام مکمل ہونے کے بعد اورنج لائن میٹروٹرین کو پورے ٹریک پر بجلی سے چلا کر آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا، وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا او رامید ہے کہ جنوری میں ٹرین پر عوام سفر کر سکیں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پولیو کے مرض سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ محنت کے ساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے ، پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے بھر پورآگاہی مہم چلا رہی ہے ۔