کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر)اعجازشاہ نے کہا ہے کہ احتساب شروع ہوگیا اب جس نے جو کیا ہے بھگتے گا،شاہد خاقان نے بھی کچھ کیا ہوگا تب ہی نیب نے گرفتارکیا ہے ،انہوں نے کچھ نہیں کیا توچھوڑدیا جائیگا،کراچی میں امن وامان بہترہوگیا، فوج اورحکومت ایک پیج پرہیں۔گزشتہ روز کراچی میں گورنرسندھ عمران اسماعیل کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے قانون کی حکمرانی ناگزیرہے ،نیب آزاد ادارہ ہے اس کا چیئرمین ن لیگ اورپیپلزپارٹی نے ہی لگایا تھا،کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی دخل نہیں،وزیراعظم واضح طورپرکہہ چکے ہیں وہ کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے تاہم وہ کام ضرور کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو،اب کوئی بندوق لیکرنہیں چل سکتا،سول حکومت اورعسکری قیادت ایک پیج پرہیں۔ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق انہوں نے کہا کہ میرے پاس وزیراعظم کا ایجنڈا نہیں تاہم مجھے یقین ہے جو بات کسی پاکستانی حکمران نے امریکی صدرسے نہیں کی ہوگی وہ عمران خان کریں گے ،حافظ سعید کی گرفتاری سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی میں واضح تبدیلی آگئی ہے جسکا کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کوجاتا ہے ۔ کلبھوشن جھادیو سے متعلق قانون کے مطابق ہی فیصلہ ہوگا،اس موقع پرگورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیرداخلہ سے سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات ہوئی ہے ۔