کراچی (سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے ساحل سمندرپر5 ہزارگزاراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں نیب پراسیکیوٹر سے دلائل طلب کرلئے ۔نیب کا کہنا ہے کہ مفرورملزمان کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کردی گئی،ہفتے کو سماعت کے موقع پرچیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال،سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخارقائم خانی،فضل الرحمان،ممتازحیدر، نذیرزرداری عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹرسے استفسارکیا کہ مفرورملزمان کی کیا رپورٹ ہے ۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مفرورملزمان کے گھروں پرنوٹس ارسال کردیئے اورمفرورملزمان کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کردی۔اس موقع پربحریہ ٹاؤن کے زین ملک کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنیٰ کیلئے درخواست دائرکی گئی۔عدالت نے ریفرنس قابل سماعت ہونے اورحاضری سے استثنیٰ کی درخواست پرنیب پرپراسیکیوٹرکو نوٹس جاری کئے اور17 اکتوبر تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر سے دلائل طلب کرلئے ۔