لاہور،کراچی،اسلام آباد،پشاور(نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)شریک چیئرمین پی پی آصف زرداری نے توشہ خانہ ریفرنس میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔احتساب عدالت پشاور کے جج شاہد خان نے غیر قانونی اثاثہ جات اور فنڈز کے غیر قانونی استعمال کے الزام میں گرفتارمحکمہ جنگلات کے سابق ڈ ی ایف اواورامیر جمیعت علماء اسلام (ف ) مولا فضل الرحمٰن کے دست راست موسیٰ خان بلوچ اور کو مزید تفتیش کے لیے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت کراچی نے ایک غیر ملکی اور پی پی ایل کے 5 افسران کے خلاف ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرکے ضمانت پر رہا پانچ ملزمان کو نوٹس جبکہ مفرور ملزم غیر ملکی باشندے پاویل میرک کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس کا اہم گواہ سابق ایم ڈی عاصم مرتضیٰ خان بھی 20ارب روپے کی بدعنوانی کے ریفرنس میں نامزدنکلا۔ ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان میں جنرل مینجر پی پی ایل بزنس ڈولپمنٹ عبدالواحد،چیف اکنامسٹ پی پی ایل راحت حسین، پی پی ایل کے دیگر دو افسران سعد اللہ اور معین رضا خان شامل ہیں۔احتساب عدالت لاہور نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کرپشن کیس میں سابق ڈی جی عثمان انورسمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں14 اکتوبر تک توسیع کر دی،نیب پراسیکیوٹرنے ریفرنس متعلق رپورٹ پیش کی۔احتساب عدالت لاہور کے جج سجاد احمد نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کاشف خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزیدسات روز توسیع کر دی، ملزم نے 36 کروڑ کی پلی بار گیننگ کی تھی تاہم پلی بارگیننگ کے طور پر لوگوں کو ادا کیے گئے 140 چیک بوگس نکلے تھے ۔ احتساب عدالت لاہور نے ٹیوٹا موٹرز کے نام پر 23 کروڑ روپے فراڈ کیس کے شریک ملزم توفیق مرضا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 اکتوبر تک توسیع کر دی،عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کراچی نے سابق ڈائریکٹر ایس بی سی اے عادل عمر صدیقی اور اہلیہ کے خلاف دائر ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلیے 6 اکتوبرتاریخ مقرر کردی ۔احتساب عدالت لاہور نے بینک آف پنجاب ریفرنس کی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی،فریقین کے وکلاء نے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کرلی۔