لاہور، اسلام آباد،کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،این این آئی،سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے پیراگون سکینڈل کیس کی سماعت2جولائی تک ملتوی کرکے ملزمان خواجہ برادران کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔خواجہ برادران کے خلاف دو گواہوں پٹواری ریاض حسین اور نذیر احمد کے بیانات قلمبند کئے گئے ۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے لیگی رہنما اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت نیب ریفرنس کا ریکارڈ ہائی کورٹ میں ہونے کے باعث بغیر سماعت15جولائی تک ملتوی کر دی۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور کیسزپر دائر درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی گئی ۔ احتساب عدالت کراچی نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب کرپشن کے ریفرنس میں نامزد سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو کورونا ہونے کے باعث حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔احتساب عدالت نے نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی اہلیہ کی زائد اثاثہ جات کیس میں بریت کی درخواست پر وکلا کو بحث کے لیے انیس اگست کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر نے صاف پانی کرپشن کیس میں ملوث قمرالسلام اور وسیم اجمل سمیت 20 ملزمان کی بریت کی درخواست پر یکم ستمبر کو دلائل طلب کر لئے ۔