لاہور(سٹاف رپورٹر ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ کرپشن،ظلم اور استحصال پر مبنی خاندانی سیاسی اجارہ داری کے خاتمے کے لئے عوامی تحریک کے کارکنوں نے بے مثال جدوجہد کی اور لازوال قربانیاں دیں،30 ویں یوم تاسیس پرشہدائے ماڈل ٹائون اور شہدائے انقلاب مارچ اسلام آباد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انشا اﷲ شہداء کی قربانیوں کے صدقے یہ ظالم نظام زمین بوس ہو گا اور 21کروڑ عوام کو انکے آئینی حقوق ملیں گے اور بے گناہ کارکنوں کا خون بہانے والے عبرت ناک انجام سے دوچار ہونگے ۔عوامی تحریک 30ویں یوم تاسیس پرکور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ احتساب کا عمل ادھورا چھوڑ دیا گیا تو نقصان پورا پاکستان اٹھائے گا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جو فرعون صفت مجھ پر اور میرے کارکنوں پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کے لئے ریاستی وسائل کا بے رحمی کے ساتھ استعمال کرتے تھے آج ان پر پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے اور وہ معافی اور ضمانتوں کی بھیک مانگتے پھر رہے ہیں مگر انہیں معصوم کارکنوں کا خون چین سے نہیں بیٹھنے دے گا۔