لاہور ، اسلام آباد، کراچی،لندن (نمائندہ خصوصی سے ، 92 نیوزرپورٹ،بیورو رپورٹ) اپوزیشن نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کووزیراعظم کااعمال نامہ قراردے دیا۔مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا یہ ناکام ترین حکومت اور عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں۔ جتنی جلدی ان سے جان چھڑائیں گے پاکستان کیلئے اتنا ہی بہتر ہو گا۔ چور چور کا شور مچانے والے اب کیا جواب دیں گے ۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہارپورٹ ’’پراجیکٹ نیا پاکستان ‘‘بُری طرح ناکام اور فیل ہونے کا ثبوت ہے ۔عمران صاحب اگر جرات ہے تو اپنا اور اپنے دوستوں کا احتساب کریں۔پچھلے 10سال میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی جتنی16 ماہ میں ہوئی۔عمران صاحب نالائق، نااہل اور جھوٹے تو پہلے ہی ثابت ہوچکے ، آج عالمی ادارے نے کرپشن کا ایوارڈ دیدیا۔ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ عمران صاحب کے جھوٹ کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے ۔ دوسروں پر چور چور کی تہمتیں لگانے والے خود چور اور کرپٹ نکلے ۔آج ملک میں ترقیاتی عمل صفر، روزگار صفر، کاروبار صفر، انڈسٹری صفر ہے ، یہ پیسہ عمران صاحب اور ان کے دوستوں کی جیب میں جا رہاہے ۔ انہوں نے چینی اور آٹے کے بحران کا ذمہ دار جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو قرار دیتے ہوئے کہا یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے ، چیف جسٹس کو سو موٹو نوٹس لینا چاہیے ۔ پیپلزپارٹی کی سینیٹرشیری رحمان نے کہاٹرانسپیرنسی کی رپورٹ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے ، ہم تو بہت پہلے کہہ چکے ہیں اس دور حکومت میں کرپشن بڑھی ہے ۔ عالمی ادارے نے احتسابی سرکار کو بے نقاب کر دیا۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا 10سال بعد ملک کا ٹرانسپیرنسی انڈیکس تنرلی کا شکار ہوا۔رپورٹ نے عمران خان کے دعووں کو بے نقاب کردیا ۔ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے ڈیرھ سال میں ملک ہر حوالے سے پیچھے چلا گیا۔ حکومتی اتحادی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ وزیر ِاعظم عمران خان کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ۔رپورٹ سے وزیرِ اعظم عمران خان کی نیت اور عمل کا فرق سامنے آ گیا،انہیں اپنی ٹیم کی سلیکشن پر فکر مند ہونا چاہیے ۔ اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہا حکومت ملک میں کرپشن کے خاتمے کا بیانیہ لیکر آئی تھی لیکن کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے ۔