اوکاڑہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لئے ضلع کی سطح پر کامیاب اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج عوامی تعاون سے ممکن ہوئے ہیں ضلع بھر میں ڈینگی سر ویلینس اور ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کرنے سے متعلق آگاہی مہم کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں آر ایچ سی بنگلہ گوگیرہ میں آگاہی سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید نے بنگلہ گوگیرہ کے علاقہ میں انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات ہسپتال میں ڈینگی کے تشخیص کے لئے مفت ٹیسٹوں کی سہولت، آئسولیشن وارڈز اور علاج معالجہ سے متعلق بتایا۔ ڈپٹی کمشنر مریم خاں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے ضروری ہے کہ ہم صفائی ستھرائی کے معاملات پر بھر پور توجہ دیں گھروں، محلوں میں نکاسی آب خصوصاََ بارش کے پانی کے نکاس کے لئے فوری اقدامات کریں گھروں میں گملوں، ائیر کولرز، ائیر کنڈیشنر، فریج سمیت وہ جگہیں یہاں پر پانی کھڑا ہو سکتا ہے ، کو خشک رکھنے کے لئے ذاتی دلچسپی سے اقدامات کریں۔