لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،این این آئی) احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 جون تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا، عدالت میں گزشتہ روز چار گواہان کے بیان قلمبند کئے گئے ۔ احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف ریفرنس میں فریقین کے وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 29 جون تک ملتوی کردی، عدالت میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت چھ ملزمان پیش ہوئے ۔ احتساب عدالت لاہور نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں360 ملین کرپشن کے کیس میں ملزمان احمد سعید اور عارف حسین کے جوڈیشل ریمانڈ میں18 جون تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت لاہور نے فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کے مرکزی ملزم سلیم حنیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں19 جون تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں ریاض عاشر اور فاروق اعوان سمیت تین ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر نیب سے تئیس جون تک جواب طلب کرلیا۔