لاہور( کلچرل رپورٹر) پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کوون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی،6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر احسان عادل مین آف دی میچ قرار پائے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو احسان عادل کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ایم سی سی کے ابتدائی 3 کھلاڑی 42 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم راس ویٹلے اور وِل روڈز نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ راس ویٹلے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 51 جبکہ وِل روڈز 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ جس کے بعد رولوف مروو نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے رولوف مروو نے سفیان شریف کے ہمراہ ساتویں وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان شاہینز کے احسان عادل نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایم سی سی نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے ۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی آدھی ٹیم 114 رنز بناکر پویلین واپس لوٹی تو بائیں ہاتھ کے بلے باز عمران رفیق اور حسن محسن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو فتح دلادی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 91 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ عمران رفیق 66 اور حسن محسن 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان شاہینز نے مطلوبہ ہدف 30 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ ایم سی سی کی جانب سے اولیور ہان نے 2 جبکہ سفیان شریف اور رولوف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ باؤلر احسان عادل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ایم سی سی کرکٹ ٹیم 17فروری کو ناردرن کے خلاف ایچیسن کالج لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔