پشاور ( نیٹ نیوز) سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانیوالے احمد نواز کو انگلینڈ کی یونیورسٹی نے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نواز دیا۔ احمد نواز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا کہ انہیں انگلینڈ کی یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا ہے ۔ کوونٹری یونیورسٹی کی طرف سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا جانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ احمد نواز نے کہا کہ اس عمر میں اس قدر باوقار اعزاز سے نوازا جانا غیر حقیقی محسوس ہوتا ہے ! انتہا پسندی کے خلاف ایک اور فتح حاصل کرلی ہے ، مزید آگے بڑھنے کے لیے کوشاں ہوں۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں احمد کو ان کی ناقابل یقین کامیابی پر مبارک باد بھی دی گئی۔