کراچی(سٹاف رپورٹر )کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے اعلان کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس کسی بھی قسم کے اخبار یا جریدے کو چھونے یا ہاتھ میں پکڑنے سے انسان میں منتقل نہیں ہو سکتا ۔ کرونا کسی انسان سے کسی تجارتی سامان یا کسی بھی قسم کے چھپے ہوئے کاغذ میں بھی منتقل نہیں ہو سکتا کیونکہ اخبارات جس طرح چھپائی اور ترسیل کے عمل سے گزرتے ہیں اس میں وائرس کا منتقل ہونا مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہے ۔ سی پی این ای نے اس امر کو سراہا ہے کہ صوبائی حکومتوں نے لاک ڈاون کے دوران اخبارات کی اشاعت اور اسکی ترسیل کویقینی بنانے کیلئے تمام اخبارات اور اسکی تقسیم کو ضروری فہرست میں شامل کیا ہے ۔ سی پی این ای نے اخبارات کی انتظامیہ، اخبار فروشوں اور اخباری ہاکروں پر زور دیا ہے کہ اخبارات کی تر سیل کے دوران اپنے قارئین کو اس وبائی وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں جس میں ہاتھ دھونے جیسی تدبیر بھی شامل ہے ۔سی پی این ای نے کہا کرونا وبا کے اس بحران کے تناظر میں آزادانہ،قابل تصدیق خبروں اور معلومات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے ، عوام ان خبروں کیلئے اخبارات کی طرف رجوع کرتے ہیں جن پر انکا بھروسہ ہے ۔ اخبارات اور نیوز میڈیا اس وقت عوام کو آگاہی دینے کی اہم ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔