اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے بی این پی مینگل کے وفد نے ملاقات کی۔بی این پی مینگل نے حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے حوالے سے پیش رفت نہ ہونے کا شکوہ کیا اور تحفظات دور کرنے سمیت 6 نکاتی مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ دہرایا۔دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں وزیراعظم نے اختر مینگل کو مطالبات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے دونوں جماعتوں کے درمیان قائم رابطہ کمیٹی کو تحفظات فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم آفس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان گزشتہ 10 ماہ میں جو مشکلات سامنے آئی ہیں، ان کے حل کیلئے طریقہ کار مرتب کر لیا گیا ہے ۔ملاقات کے اختتام پر جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بی این پی اور حکومتی جماعت کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کر لی گئی، لاپتہ افراد کے معاملے میں بہت جلد پیشرفت ہو گی،بلوچستان کے وفاقی ملازمتوں میں 6 فیصد کوٹے پر بھی اتفاق ہو گیا ۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری، ارکان قومی اسمبلی شیر علی ارباب، نورین فاروق ابراہیم ، اسلم بھوتانی، اکرم چیمہ، فہیم خان، عطاء اﷲ، آفتاب جہانگیر اور پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم نے فواد چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں خصوصی ٹاسکنگ کرنے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ وزیراعظم نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ری سٹرکچرنگ کے اقدامات اور کارکردگی کو سراہا۔وزیراعظم نے مقدمے سے بری ہونے پر بابر اعوان کو مبارکباد دی۔گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر بھی وزیراعظم سے ملے ۔دریں اثناء وزیر اعظم کی زیر صدارت پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا ۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو اسلام آباد میں شجر کاری مہم مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گرین ایریاز اور جنگلات کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔