لاہور،اسلام آباد،کراچی (سٹاف رپورٹر ،وقائع نگار خصوصی، این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام مسالک کے علما کرام سے رابطے شروع کر دئیے ہیں ۔ انہوں نے علما سے وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے ۔ صدر علوی نے گزشتہ روز وفاق المدارس العربیہ کے جنرل سیکرٹری مولانا حنیف جالندھری ، نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ علامہ نیاز حسین نقوی اور دعوت اسلامی کے ترجمان مولانا عبدالحبیب عطاری کو فون کیا اور ان سے کروناپر ملک و قوم کو درپیش صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر صدر نے کہاکہ قوم کو متحد، متحرک کرنے اورمورال بلند رکھنے کیلئے علما کرام اور منبر و محراب کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ علما کرام کو موجودہ صورتحال میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔کرونامتاثرین کی دیکھ بھال کیلئے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے ۔ سیاسی، مذہبی اور مسلکی اختلافات بھلا کر قومی جذبے سے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔تمام علما نے صدر مملکت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثنا صدر نے ایک بیان میں کہا کہ اس جنگ میں باقی سب چیزیں ثانوی ہیں کیونکہ اس کا مقابلہ ہر گھر اور ہر خاندان نے کرنا ہے ، اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں اور پھر دوسروں کی مدد کریں۔صدر مملکت نے تمام سیاست دانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس موقع پر اختلافات کو بھلا کر مدد کیلئے آگے آئیں۔انہوں نے علما کرام اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاط اور آگاہی کے پیغام کو پھیلائیں۔